آئرن اینڈ اسٹیل امپورٹرز کے مطالبات پر چیئرمین KPT کا اہم ریلیف کا اعلان، 5 دن کے بجائے 8 سے 10 دن ڈیمریج فری ٹائم دینے کا اعلان


کراچی(قدرت روزنامہ)کراچی پورٹ پر جنرل کارگو، بالخصوص آئرن اینڈ اسٹیل کی درآمدات کو درپیش سنگین آپریشنل بحران اور غیر معمولی تاخیر کے تناظر میں آل آئرن اینڈ اسٹیل مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر جناب حماد پونا والا کی قیادت میں ایک اہم اجلاس چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ (KPT) کے ساتھ منعقد ہوا، جس میں صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے متعدد اہم فیصلے اور یقین دہانیاں سامنے آئیں۔
اجلاس میں چیئرمین KPT کے ہمراہ ڈائریکٹرز پلاننگ، کسٹمز کی جانب سے چیف کلیکٹر آف کسٹمز، کلیکٹر آف کسٹمز اور ڈپٹی کلیکٹرز، جبکہ KGTL کی جانب سے چیف ایگزیکٹو آفیسر، آپریشنز منیجرز اور کمرشل منیجرز نے شرکت کی۔
آل آئرن اینڈ اسٹیل مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر حماد پونا والا کے ہمراہ ایسوسی ایشن کی میرین کمیٹی کے وائس چیئرمین، ٹرانسپورٹ اور کسٹمز کلیئرنگ کمپنیوں کے سربراہان سمیت دیگر نمائندگان شریک ہوئے۔ اس موقع پر آل پاکستان پائپ ملز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نے بھی کوآرڈینیشن اور مشترکہ مشاورت میں اہم کردار ادا کیا۔ اور ایف پی سی سی ائی کہ سینیئر وائس پریزیڈنٹ صاحب بھی زوم کے ذریعے میٹنگ میں موجود رہے۔
ایک ماہ سے سمندر میں کھڑے جہاز، صنعت اور معیشت کو کروڑوں کا نقصان
اجلاس میں اس امر پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ KGTL میں برتھنگ کی عدم دستیابی اور آپریشنل مسائل کے باعث جنرل کارگو کے متعدد جہاز گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے سمندر میں لنگر انداز ہیں۔ ان میں بڑی تعداد آئرن اینڈ اسٹیل کے خام مال اور صنعتی ضروریات پر مشتمل کارگو کی ہے۔
اس غیر معمولی تاخیر نے ملک کی مقامی صنعت کو شدید متاثر کیا ہے۔ متعدد صنعتی یونٹس کے لیے خام مال کی فراہمی تعطل کا شکار ہے، پیداواری سرگرمیاں بندش کے قریب پہنچ چکی ہیں اور درآمد کنندگان کو کروڑوں روپے کے مالی نقصانات، شپنگ اور دیگر اضافی اخراجات کا سامنا ہے۔

اجلاس میں اس بات پر بھی توجہ دلائی گئی کہ برتھنگ کی غیر یقینی صورتحال اور ویسلز کی طویل انتظار کی مدت کے باعث بین الاقوامی شپنگ کمپنیوں نے پاکستان کے لیے فریٹ میں تقریباً 20 سے 30 ڈالر فی ٹن تک اضافہ کر دیا ہے، جبکہ بعض مقامات پر شپمنٹ فراہم کرنے سے بھی انکار کیا جا رہا ہے۔ اس صورتحال سے نہ صرف درآمدی لاگت بڑھ رہی ہے بلکہ پاکستان کی صنعتی سپلائی چین اور کاروباری ساکھ بھی متاثر ہو رہی ہے۔
ایسوسی ایشن کی جانب سے KGTL کی موجودہ آپریشنل مینجمنٹ، برتھنگ کے طریقہ کار اور کارگو ہینڈلنگ میں تاخیر پر بھی اپنے تحفظات کا اظہار کیا گیا، خصوصاً اس امر کی نشاندہی کی گئی کہ مقررہ ویسل کیو سے ہٹ کر بعض جہازوں کو برتھنگ دیے جانے سے پہلے سے انتظار میں موجود جنرل کارگو ویسلز کی مشکلات مزید بڑھیں۔
چیئرمین KPT کی یقین دہانیاں اور اہم اعلانات
چیئرمین KPT نے اجلاس کو بتایا کہ ملک میں گندم، کھاد اور سویابین جیسی اشد ضروری اشیاء کی فوری ضرورت کے پیش نظر ان کے جہازوں کو ترجیحی بنیادوں پر برتھنگ دینا ناگزیر ہو گیا تھا، جس کے باعث پورٹ آپریشنز پر غیر معمولی دباؤ پیدا ہوا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ ہنگامی صورتحال جلد معمول پر آ جائے گی۔
تاہم آل آئرن اینڈ اسٹیل مرچنٹس ایسوسی ایشن کے بھرپور مطالبے اور درآمد کنندگان کو درپیش غیر معمولی مالی نقصانات کے پیش نظر چیئرمین KPT نے درج ذیل اہم اقدامات اور یقین دہانیاں کروائیں:
1۔ ڈیمریج فری ٹائم میں اضافہ
موجودہ پانچ دن کے ڈیمریج فری ٹائم کے بجائے تاخیر سے متاثرہ آئرن اینڈ اسٹیل کارگو کے لیے 8 سے 10 دن تک ڈیمریج فری ٹائم دینے کا اعلان کیا گیا، تاکہ درآمد کنندگان کو غیر معمولی تاخیر کے باعث مزید مالی بوجھ سے بچایا جا سکے۔
2۔ پورٹ کے اندر موٹر سائیکلوں کی مشروط اجازت
پورٹ آپریشنز میں درپیش نقل و حرکت کی مشکلات کو دور کرنے کے لیے آئندہ 60 دن تک پورٹ کے اندر ورکرز کو موٹر سائیکل استعمال کرنے کی مشروط اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا، جس سے ملازمین اور متعلقہ عملے کی آمدورفت میں حائل رکاوٹیں کم ہونے اور آپریشنل کارکردگی بہتر ہونے کی توقع ہے۔
3۔ ویسل کیو سے ہٹ کر برتھنگ نہ دینے کی یقین دہانی
چیئرمین KPT نے یقین دلایا کہ آئندہ ویسل کیو سے ہٹ کر من پسند جہازوں کو برتھنگ دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور جنرل کارگو کے جہازوں کو مقررہ کیو کے مطابق First-Come, First-Served کی بنیاد پر برتھنگ دی جائے گی۔
4۔ جنرل کارگو ویسلز کو ترجیحی بنیادوں پر برتھنگ
آئندہ آنے والے دنوں میں جنرل کارگو کے جہازوں، بالخصوص آئرن اینڈ اسٹیل کارگو لے کر آنے والے جہازوں کو مقررہ کیو کے مطابق برتھنگ دینے اور ان کی ان لوڈنگ میں تیزی لانے کی یقین دہانی کروائی گئی۔

5۔ لوڈنگ، ان لوڈنگ اور پورٹ مینجمنٹ میں بہتری
چیئرمین KPT نے KGTL انتظامیہ کے ساتھ مل کر کارگو ہینڈلنگ، لوڈنگ، ان لوڈنگ اور پورٹ مینجمنٹ کے معاملات کو بہتر بنانے اور موجودہ آپریشنل رکاوٹوں کو دور کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔
6۔ درآمد کنندگان کے پرانے ریفنڈز
اجلاس میں درآمد کنندگان کے طویل عرصے سے زیر التوا ریفنڈز کا معاملہ بھی اٹھایا گیا، جس پر چیئرمین KPT نے اس معاملے میں ذاتی مداخلت اور متعلقہ انتظامیہ سے رابطہ کرکے KGTL کے ذریعے درآمد کنندگان کو ان کے واجب الادا ریفنڈز کی ادائیگی کے لیے اقدامات کرنے کی یقین دہانی کروائی۔
15 سے 20 روز میں دوبارہ اجلاس اور فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ آئندہ 15 سے 20 دن کے اندر ایک فالو اپ اجلاس منعقد کیا جائے گا، جس میں آج کیے گئے اعلانات اور یقین دہانیوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا اور باقی ماندہ مسائل کے حل کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
حماد پونا والا: صنعت کو بحران سے نکالنا ہماری اولین ترجیح ہے
اجلاس کے اختتام پر آل آئرن اینڈ اسٹیل مرچنٹس ایسوسی ایشن کے صدر جناب حماد پونا والا نے چیئرمین KPT، کسٹمز حکام، KGTL انتظامیہ اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن کا بنیادی مقصد کسی ادارے کے ساتھ محاذ آرائی نہیں بلکہ پاکستان کی صنعت، تجارت اور معیشت کو درپیش مسائل کا قابلِ عمل اور دیرپا حل تلاش کرنا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسوسی ایشن درآمد کنندگان اور صنعتی شعبے کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی اور آج ہونے والی پیش رفت کو عملی نتائج میں تبدیل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی۔
آل آئرن اینڈ اسٹیل مرچنٹس ایسوسی ایشن اس امید کا اظہار کرتی ہے کہ آج کی میٹنگ میں ہونے والی یقین دہانیاں محض اعلانات تک محدود نہیں رہیں گی بلکہ ان پر فوری اور مؤثر عمل درآمد سے کراچی پورٹ پر جاری بحران کا خاتمہ، صنعتی پہیہ بحال اور قومی معیشت کو مزید نقصانات سے محفوظ بنایا جا سکے گا۔

WhatsApp
Get Alert