میری چیف منسٹر سارے کام سیاست کیلئے نہیں کرتی، وہ لوگوں کی فلاح کیلئے کام کرتی ہیں، عظمیٰ بخاری
جب انسان تیزی سے اچھے کام کر رہا ہوتا ہے، ترقی کرتا ہے تو اس کے دشمن بڑھ جاتے ہیں، آپ لوگ مریم نواز کیلئے دعا کردیں گے تو آپ کی مہربانی ہوگی؛ صوبائی وزیر کا اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب

لاہور(قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کو خواتین کے لیے محفوظ صوبہ سمجھا جاتا ہے، اگر کہیں کسی خاتون پر ظلم یا ناانصافی ہو تو وزیراعلیٰ مریم نواز تمام تر تنقید کی پروا کیے بغیر متاثرہ خاتون کے ساتھ کھڑی ہوتی ہیں۔
لاہور میں دھی رانی پروگرام کے تحت منعقدہ اجتماعی شادیوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے تقریب کے شرکاء اور منتظمین پر زور دیا کہ آئندہ ایسی تقریبات میں جوڑوں کے لیے مستحق یا نادار کے الفاظ استعمال نہ کیے جائیں کیونکہ یہ سب عزت دار اور سفید پوش لوگ ہیں، اس تقریب میں وزیرِ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ بھی شریک ہیں اور یہ پروگرام وزیراعلیٰ مریم نواز کی خدمتِ خلق کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
"جب انسان بہت تیزی سے اچھے کام کر رہا ہوتا ہے ترقی کر رہا ہوتا ہے تو اس کے دشمن بھی بڑھ جاتے ہیں"
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری https://t.co/2rFdl1PjUB— Muqadas Farooq Awan (@muqadasawann) November 12, 2026
صوبائی وزیر نے کہا کہ آج ایک ماں، بیٹی اور بہن پنجاب کی وزیراعلیٰ ہیں، جنہیں بچوں نے بھی ماں کا لقب دیا ہے، مریم نواز صرف ترقیاتی منصوبوں کا نہیں سوچتیں بلکہ لوگوں کی فلاح و بہبود اور آخرت سنوارنے کے لیے کام کرتی ہیں، پنجاب میں کسی خاتون کے ساتھ ناانصافی برداشت نہیں کی جائے گی، کسی عورت کو سرعام تھپڑ مارنا شاید قانون کی نظر میں چھوٹا جرم ہو لیکن ایک عورت اس تذلیل کو زندگی بھر نہیں بھول سکتی، وزیراعلیٰ ایسے ہر معاملے میں آؤٹ آف دی وے جا کر خواتین کا ساتھ دیتی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک ماں ہی قوم کی بیٹیوں کے دکھ درد کو سمجھ سکتی ہے، اسی لیے وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے شادی شدہ جوڑوں کو انتہائی عزت و احترام کے ساتھ جہیز کا سامان اور سلامی پیش کی جاتی ہے تاکہ ان کی عزتِ نفس مجروح نہ ہو، ازدواجی زندگی اور رشتوں کو کامیاب بنانے کے لیے میاں بیوی کے درمیان محبت، پیار اور اتفاق ہونا بہت ضروری ہے، گھریلو خوشحالی کے لیے شوہر کو اپنی بیوی کی عزت کرنی چاہیے اور بیوی کو اپنے شوہر کا احترام کرنا چاہیے۔
خواتین کی صلاحیتوں پر بات کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ آج کے دور میں ایسا کوئی کام نہیں جو خواتین سرانجام نہ دے سکیں، آج ایک خاتون وزیراعلیٰ بن کر 14 کروڑ آبادی کے صوبے کو اتنی کامیابی سے چلا رہی ہیں کہ دیگر صوبوں کے لوگ بھی خواہش کرتے ہیں کہ کاش ان کے پاس بھی مریم نواز جیسی وزیراعلیٰ ہوتی، جب کوئی انسان تیزی سے اچھے کام کر رہا ہوتا ہے اور ترقی کرتا ہے تو اس کے دشمن بھی بڑھ جاتے ہیں، تاہم خدمت کرنے والوں کو کسی جھوٹ اور منفی پروپیگنڈے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، پ لوگ مریم نواز کیلئے دعا کردیں گے تو آپ کی مہربانی ہوگی۔
