پاکستان

پاک بحریہ کے بیڑے میں 054 ایلفا فریگیٹ اور سی کنگ ہیلی کاپٹرز کی شمولیت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)054 ایلفا فریگیٹ پی این ایس طغرل اور 10 سی کنگ ہیلی کاپٹرز کو آج پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل کیا جارہا ہے۔پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں پہلے 054 ایلفا فریگیٹ اور سی کنگ ہیلی کاپٹرز کی پاک بحریہ میں شمولیت کے حوالے سے تقریب کا انعقاد آج کیا جارہا ہے۔
تقریب میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی بھی شریک ہوں گے جب کہ اس کے مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ہوں گے۔تقریب کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی پی این ایس طغرل کی کمانڈ سکرول اور سی کنگ ہیلی کاپٹرز کے کاغذات کمانڈر پاکستان فلیٹ کے حوالے کریں گے۔
پی این ایس طغرل کی خصوصیت
پی این ایس طغرل پاکستان نیوی کے لئے چین میں تعمیر کیے جانے والے 4 ٹائپ 054 فریگیٹس میں سے پہلا جہاز ہے. یہ تکنیکی طور پر جدید صلاحیتوں کا حامل پلیٹ فارم ہے جس میں سطح آب، فضا اور زیر مار کرنے کے علاوہ نگرانی کی صلاحیت بھی موجود ہے۔
پی این ایس طغرل جدید کامبیٹ مینجمنٹ اور الیکٹرانک وار فئیر سسٹم کے ساتھ ساتھ اپنے دفاع کی جدید صلاحیتوں سے بھی لیس ہے.پی این ایس طغرل کی شمولیت سے پاکستان کا بحری دفاع مزید موثر ہوا ہے اور دشمن کو دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے.
سی کنگ ہیلی کاپٹرز کی خاصیت
پاک بحریہ کے فضائی بیڑے میں 10 سی کنگ ہیلی کاپٹرز بھی شامل کئے جا رہے ہیں۔سی کنگ ہیلی کاپٹر کثیر المقاصد ہیلی کاپٹر ہے۔ گذشتہ کئی دہائیوں سے یہ ہیلی کاپٹرز کھلے سمندروں میں تلاش اور امدادی سرگرمیوں کے علاوہ جنگی مقاصد کے لیے بھی استعمال کئے جارہے ہیں۔
سی کنگ ہیلی کاپٹر ز کو گہرے سمندر میں اپنے ہدف کو نشانہ بنانے والے جدید ترین میزائل سے بھی لیس کیا جاسکتا ہے۔پاک بحریہ میں کئی سی کنگ طیارے پہلے ہی شامل ہیں ، ان ہیلی کاپٹرز کے ذریعے روایتی حریف کے بحری جہازوں کی جاسوسی کے علاوہ فوجی دستوں کی نقل و حمل کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
ماضی میں سی کنگ طیاروں کو 2005 کے زلزلے اور سیلابی صورت حال میں ریسکیو آپریشن کے لیے کامیابی سے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں