فوج اور قیادت کو نشانہ نہ بنانے کی یقین دہانی پر عمران خان کی 2 بہنیں رہا ہوئیں، انصار عباسی کا دعویٰ

عمران خان نے حالیہ ملاقات میں سخت لب و لہجے سے گریز کیا، عمران خان کی بہنوں نے غیر متنازعہ رہنے، عوامی بیانات یا سیاسی مداخلت کے ذریعے پہلے سے جاری محاذ آرائی کو ہوا نہ دینے کا وعدہ کیا؛ صحافی کی رپورٹ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)صحافی انصار عباسی کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی دو بہنوں ڈاکٹر عظمیٰ خان اور نورین نیازی کی جیل سے رہائی پی ٹی آئی اور حکام کے درمیان حال ہی میں شروع ہونے والے پسِ پردہ رابطوں کا پہلا ٹھوس نتیجہ ہے، جو اسٹیبلشمنٹ اور فوجی قیادت کو نشانہ نہ بنانے اور غیر متنازعہ رہنے کی باضابطہ یقین دہانیوں کے بعد عمل میں آئی۔
رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز کوٹ لکھپت جیل سے عمران خان کی دو بہنوں کی رہائی ایک ایسی مفاہمت کے تحت عمل میں آئی ہے جس کا بنیادی مقصد جاری سیاسی کشیدگی اور محاذ آرائی میں کمی لانا ہے، بات چیت سے واقف باخبر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی بہنوں نے متعلقہ رابطہ کاروں کو یہ واضح یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ آئندہ غیر متنازعہ اور غیرسیاسی رہیں گی، عوامی بیانات یا سیاسی مداخلت سے گریز کریں گی اور بالخصوص فوج کی اعلیٰ کمان اور اسٹیبلشمنٹ پر تنقید یا ان کے خلاف بیانات نہیں دیں گی۔
رپورٹ میں ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ یہ اہم پیشرفت عمران خان کی جانب سے ایک روز قبل جیل میں ہونے والی تازہ ملاقات کے دوران نسبتاً نرم اور مفاہمت آمیز رویہ اختیار کیے جانے کے بعد سامنے آئی ہے، اپنے سابقہ سخت گیر مؤقف کے برعکس عمران خان نے حالیہ ملاقات میں سخت لب و لہجے سے مکمل گریز کیا اور وہ آگے بڑھنے کا کوئی راستہ تلاش کرنے کے لیے زیادہ آمادہ دکھائی دیئے، اس موقع پر انہیں اپنی ذات کے بجائے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی اور جیل میں قید اپنی بہنوں کے حوالے سے زیادہ فکر مندی تھی۔
رپورٹ مین بتایا گیا ہے کہ اس مفاہمتی عمل کو کامیاب بنانے میں وزیر داخلہ محسن نقوی، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان اور لاہور میں مقیم بعض سرکاری رابطہ کاروں نے انتہائی کلیدی کردار ادا کیا، پہلی مرتبہ عمران خان کے اہلِ خانہ براہِ راست ایسے پسِ پردہ رابطوں میں شامل ہوئے ہیں جن کا مقصد تلخیوں کو کم کرنا ہے، انہی یقین دہانیوں کے نتیجے میں ڈاکٹر عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو جمعرات کو رہا کر دیا گیا، تاہم بانی پی ٹی آئی کی تیسری ہمشیرہ علیمہ خان بدستور زیرِ حراست ہیں۔
رپورٹ میں سیاسی و حکومتی ذرائع کا خیال ہے کہ اہلِ خانہ کی براہِ راست شمولیت، بہنوں کی جانب سے کرائی گئی یقین دہانیوں اور خود عمران خان کے نسبتاً نرم رویے نے مل کر مستقبل میں مزید مثبت پیشرفت کی توقعات پیدا کر دی ہیں، یہ پیش رفت ماضی کی مسلسل محاذ آرائی کی پالیسی سے ہٹ کر کشیدگی کم کرنے کے عملی اقدامات کی جانب ایک اہم قدم دکھائی دیتی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگرچہ پی ٹی آئی اور حکام کے درمیان کسی باضابطہ معاہدے کا عوامی سطح پر اعلان نہیں کیا گیا، تاہم جمعرات کی رہائی نے اس بات کا پہلا واضح اشارہ دے دیا ہے کہ پسِ پردہ رابطے نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں، اب سب سے فوری اور بڑا چیلنج اس مفاہمت کو برقرار رکھنا اور یقین دہانیوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے تاکہ کسی بھی اشتعال انگیز سیاسی بیان یا محاذ آرائی پر مبنی گفتگو سے یہ پیشرفت متاثر نہ ہو۔

WhatsApp
Get Alert