کسی عدالت نے اتنے ریکارڈ فیصلے نہیں دئیے جتنے ہم نے دئیے، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت

کبھی اپنے کام سے مطمئن نہیں ہونا چاہئے، ہر وقت کوشش میں رہیں کہ آپ کے کام میں کیا بہتری ہو سکتی ہے، ادارے کو آگے بڑھانے کے لئیے دل سے کام کرنا ہو گا؛ جسٹس امین الدین خان کا تقریب خطاب


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان نے کہا ہے کہ وفاقی آئینی عدالت نے اپنے قیام کے پہلے ہی سال میں 9 ہزار مقدمات نمٹا کر ملکی عدالتی تاریخ میں ایک منفرد ریکارڈ قائم کیا ہے، جو پاکستان کی کسی بھی عدالت کا نہیں ہوگا۔
اطلاعات کے مطابق وفاقی آئینی عدالت کے قیام کا ایک سال مکمل ہونے پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے آغاز میں عدالت کے ایک سالہ سفر، کارکردگی اور سنگِ میل پر مبنی ایک خصوصی ڈاکومنٹری نشر کی گئی، تقریب کے دوران چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان نے پہلی سالگرہ کے موقع پر جاری کردہ یادگاری ڈاک ٹکٹ کی رونمائی کی اور جدید عدالتی نظام کی طرف قدم بڑھاتے ہوئے باضابطہ طور پر ای کورٹ کا افتتاح بھی کیا، اس موقع پر وفاقی آئینی عدالت کی پہلی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ وقت گزرنے کا پتا ہی نہیں چلا اور دیکھتے ہی دیکھتے وفاقی آئینی عدالت کا ایک سال پورا ہو گیا ہے، الحمدللہ اس سال ہم نے 9 ہزار کیسز کا فیصلہ کیا ہے، اور اتنا ریکارڈ پاکستان میں کسی عدالت کا نہیں ہوگا جتنے کیسز کا ہم نے فیصلہ کیا ہے، کسی عدالت نے اتنی قلیل مدت میں اتنے ریکارڈ فیصلے نہیں دیے جتنے وفاقی آئینی عدالت نے سنائے ہیں۔
عدالتی طریقہ کار اور انصاف کی فراہمی پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے تیزی کے ساتھ فیصلے ضرور کیے ہیں تاہم اس دوران ہر فریق کو اپنا مؤقف اور بات پیش کرنے کا پورا پورا موقع فراہم کیا گیا، ہم نے وکلا کے لیے دلائل کا جو وقت مقرر کیا ہے وہ دنیا بھر کی عدالتوں میں رائج ہے کیونکہ بینچ اور بار دونوں مل کر ایک سائل کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنے کا مشترکہ کام کرتے ہیں۔
عدالتی افسران اور عملے سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس امین الدین خان نے نصیحت کی کہ انسان کو کبھی بھی اپنے کام سے مکمل طور پر مطمئن نہیں ہونا چاہیے بلکہ ہر وقت اس کوشش اور جستجو میں رہنا چاہیئے کہ اس کے کام میں مزید کیا بہتری ہو سکتی ہے اور کارکردگی کو کیسے مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے، مقررہ اوقاتِ کار میں ڈیوٹی انجام دینا تو بنیادی ذمہ داری ہے مگر کسی بھی ادارے کو حقیقی معنوں میں آگے بڑھانے کے لیے روایتی فرائض سے بڑھ کر دل سے کام کرنا ہو گا۔

WhatsApp
Get Alert