وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم: سبسڈی سے انکار کرنے والے پٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم فیول ریلیف پروگرام کے تحت رجسٹرڈ مستحق شہریوں کو پیٹرول سبسڈی کی سہولت فراہم نہ کرنے والے پٹرول پمپس کے لائسنس معطل یا منسوخ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم فیول ریلیف پروگرام کے اہم جائزہ اجلاس میں اسکیم پر پیش رفت اور شفافیت کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے واضح کیا کہ رجسٹرڈ مستحق شہریوں کو پیٹرول پر ریلیف اور سبسڈی کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اہل صارفین کو سبسڈی کی سہولت فراہم کرنے سے انکار کرنے والے پٹرول پمپس کے لائسنس معطل یا منسوخ کیے جائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ رجسٹریشن اور سبسڈی کی فراہمی کے آسان طریقہ کار سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچا ہے، جبکہ ٹیکنالوجی پر مبنی یہ شفاف اقدام مستقبل میں عوامی فلاح و بہبود کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا۔
اجلاس کے دوران حکام نے پروگرام پر اب تک ہونے والی پیش رفت سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فیول ریلیف اسکیم کے تحت اب تک مجموعی طور پر ایک کروڑ 55 لاکھ 19 ہزار 282 شہری رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔
حکام کے مطابق رجسٹرڈ صارفین میں ایک کروڑ 50 لاکھ 69 ہزار سے زائد موٹرسائیکل مالکان جبکہ 8 سو سی سی تک انجن کی حامل گاڑیوں کے 4 لاکھ 49 ہزار 800 مالکان شامل ہیں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اب تک 6 کروڑ 31 لاکھ 50 ہزار فیول ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 5 کروڑ 94 لاکھ 40 ہزار ٹوکن استعمال ہو چکے ہیں۔
حکام کے مطابق 4 نومبر 2026 تک فیول سبسڈی پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 28 ارب 60 کروڑ روپے تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ صارفین اور پٹرول پمپس کی سہولت کے لیے الگ الگ کال سینٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ اسکیم سے متعلق معلومات کی فراہمی اور شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے مانیٹرنگ ڈیش بورڈ کی بروقت تیاری پر وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ اور آئی ٹی سیکریٹری کی کارکردگی کو خصوصی طور پر سراہا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
