اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ، 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن مقرر
شہر کو دنیا کا پہلا کیش لیس دارالحکومت بنانے کا ہدف ہے، کسی سرکاری محکمے میں نقد ادائیگی وصول نہیں کی جائے گی، تمام تاجروں کو کیش لیس نظام میں شامل کیا جائے گا، وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری کی گفتگو

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا اور دنیا کا مثالی مکمل کیش لیس یعنی نقدی کے بغیر لین دین کرنے والا شہر بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، جس کے تحت تمام تاجروں اور کاروباری مراکز کو ڈیجیٹل نظام میں شامل کرنے کے لیے 31 دسمبر 2026ء کی حتمی ڈیڈ لائن مقرر کردی گئی، 30 نومبر کے بعد اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے کے کسی بھی محکمے میں نقد ادائیگی وصول نہیں کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی زیرِ صدارت کیش لیس اسلام آباد منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سہیل اشرف، بینکنگ سیکٹر کے نمائندوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایات پر اس منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، اس کی 100 فیصد کامیابی کیلیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی باہمی مشاورت اور تجاویز انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے اجلاس کے دوران بتایا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم سے اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا کیش لیس شہر بنانے کا وعدہ کیا تھا، حکومت کا ہدف اسلام آباد کو دنیا کا پہلا کیش لیس دارالحکومت بنانا ہے، اس ہدف کے حصول کیلئے پہلے مرحلے میں 30 نومبر کے بعد اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) انتظامیہ اور سی ڈی اے کے کسی بھی محکمے میں شہریوں یا سائلین سے کیش ادائیگی وصول نہیں کی جائے گی بلکہ تمام فیسیں اور واجبات ڈیجیٹل ذرائع سے ادا ہوں گے۔
طلال چوہدری نے واضح کیا کہ دوسرے مرحلے میں 31 دسمبر تک وفاقی دارالحکومت کے تمام چھوٹے بڑے تاجروں کو کیش لیس نظام میں شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، اس مہم کے تحت اب تک اسلام آباد کے 26 ہزار تاجر پہلے ہی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک ہو چکے ہیں، آئندہ چند ہفتوں میں ریڑھی بانوں سے لے کر بڑے شاپنگ مالز اور کاروباری مراکز تک ہر سطح پر کیو آر کوڈ اور دیگر ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
ڈیجیٹل نظام کے فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ کیش لیس نظام کے نفاذ سے نا صرف مالیاتی لین دین کا طریقہ کار مزید تیز اور آسان ہو گا بلکہ اس سے معیشت میں مالیاتی شفافیت اور ٹیکس مانیٹرنگ میں بھی نمایاں بہتری آئے گی، اسلام آباد کو ایک جدید ڈیجیٹل شہر بنانے کے لیے تمام متعلقہ سرکاری ادارے اور نجی شعبہ مل کر کام کریں گے۔
بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں شریک بینکنگ سیکٹر کے نمائندوں نے کیش لیس اسلام آباد کے حکومتی اقدام کو بے حد سراہتے ہوئے اسے ملکی معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن کی جانب ایک انقلابی قدم قرار دیا، بینکنگ نمائندوں نے اس منصوبے کی بروقت تکمیل اور تاجروں و صارفین کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے آلات و سہولیات کی فراہمی کے لیے حکومت کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
