پشتونخوا وطن کے معدنی وسائل قومی امانت ہیں، استحصالی معاہدے اور بندربانٹ کسی صورت قبول نہیں کریں گے: پشتونخوا نیپ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز میں اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم (PMIF-2026) کے ذریعے پشتونخوا وطن اور ملک کے دیگر علاقوں کے معدنی وسائل کو عالمی سرمایہ کاری کے لیے پیش کرنے اور ان کے متعلق یکطرفہ فیصلے کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ پارٹی قدرتی وسائل کی کسی بھی غیر آئینی، غیر جمہوری اور عوام دشمن بندربانٹ کو ہرگز قبول نہیں کرے گی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخوا وطن تانبے، سونے، قیمتی پتھروں اور دیگر نایاب معدنی ذخائر سے مالامال خطہ ہے؛ یہ معدنی وسائل محض تجارتی اشیاء نہیں بلکہ پشتون قوم کی قومی امانت، تاریخی اثاثہ اور آنے والی نسلوں کی معاشی خوشحالی کا بنیادی سرمایہ ہیں، جن پر پہلا اور بنیادی حق یہاں کے مقامی عوام کا ہے۔
مرکزی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان وسائل کی تلاش، نکاسی، پروسیسنگ اور فروخت سے متعلق کسی بھی منصوبے کا بنیادی مقصد مقامی عوام کی معاشی ترقی، روزگار کی فراہمی، صنعتی بنیادوں کی تعمیر اور خطے کی خوشحالی ہونا چاہیے، نہ کہ چند حکمرانوں، مقتدر قوتوں اور سرمایہ دارانہ مفادات کو فائدہ پہنچانا۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ موجودہ غیر نمائندہ حکمرانوں اور مقتدرہ کو یہ اختیار حاصل نہیں کہ وہ پشتونخوا وطن کے عوام کو اعتماد میں لیے بغیر ان کے قدرتی وسائل کے مستقبل کا یکطرفہ فیصلہ کریں۔ آئینِ پاکستان کی اٹھارویں ترمیم اور آرٹیکل 172 کی روشنی میں قدرتی وسائل پر صوبائی آئینی اختیارات و حقوق کو تسلیم کرنا ناگزیر ہے؛ معدنی تیل اور قدرتی گیس کے حوالے سے آرٹیکل 172(3) میں صوبے اور وفاق کی مشترکہ و مساوی ملکیت کا واضح ذکر موجود ہے، جبکہ دیگر معدنی ذخائر کے معاملات میں بھی متعلقہ آئینی و صوبائی قوانین کے تحت صوبائی اختیارات اور مقامی مفادات کا تحفظ لازم ہے۔
پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے بین الاقوامی سرمایہ کار اداروں، عالمی معدنی کمپنیوں اور متعلقہ مالیاتی اداروں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ پشتونخوا وطن کے معدنی وسائل میں سرمایہ کاری کے کسی بھی منصوبے کو آگے بڑھانے سے قبل یہاں کے عوام کی حقیقی سیاسی نمائندگی، صوبائی آئینی اختیارات، مقامی آبادی کے حقوق اور شفاف عوامی مشاورت کو یقینی بنائیں، کیونکہ محض غیر نمائندہ حکومتوں کے معاہدوں یا انتظامی منظوریوں سے کسی منصوبے کو جائز عوامی جواز حاصل نہیں ہو سکتا۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ معدنی وسائل کی تلاش اور نکاسی کے منصوبوں میں مقامی آبادی کی رضامندی، ماحولیاتی تحفظ، شفاف معاہدوں، مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار، فنی تربیت، معدنیات کی مقامی سطح پر پروسیسنگ اور حاصل ہونے والی آمدنی میں علاقے کے جائز حصے کو یقینی بنایا جائے۔
بیان کے آخر میں دوٹوک الفاظ میں خبردار کیا گیا کہ اگر عوامی حقوق اور حقیقی نمائندوں کو نظرانداز کر کے معدنی وسائل کی غاصبانہ لوٹ مار کا سلسلہ شروع کیا گیا تو پشتون عوام اس کے خلاف ہر آئینی و جمہوری فورم پر بھرپور سیاسی مزاحمت اور احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں، اور ایسے کسی بھی اقدام سے پیدا ہونے والی صورتحال کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکمرانوں اور اداروں پر عائد ہوگی۔ پارٹی نے پشتونخوا وطن کی تمام قومی، سیاسی، مذہبی، جمہوری اور ترقی پسند قوتوں، دانشوروں، وکلاء، طلبہ تنظیموں، قبائلی مشران اور سول سوسائٹی سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ تاریخ کے ان فیصلہ کن لمحات میں ذاتی، گروہی اور جماعتی اختلافات سے بالاتر ہو کر اپنی قومی دولت، قدرتی وسائل اور آئندہ نسلوں کے معاشی مستقبل کے تحفظ کے لیے متحد اور منظم ہو جائیں۔
