خیبرپختونخوا کے بلدیاتی ملازمین کی اکتوبر کی تنخواہیں اور پنشن فوری جاری کرنے کا حکم


پشاور(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا میں بلدیاتی اداروں کے ملازمین کو اکتوبر 2026ء کی تنخواہوں اور پنشن کی فوری ادائیگی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
لوکل کونسل بورڈ خیبرپختونخوا کے ڈپٹی سیکریٹری (فنانس) نے صوبے بھر کی تمام تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز (ٹی ایم ایز) کو باضابطہ مراسلہ جاری کرتے ہوئے اکتوبر 2026ء کی تنخواہیں اور پنشن فوری طور پر ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق محکمہ خزانہ نے صوبے کے تمام ٹی ایم ایز، بشمول ضم شدہ اور بندوبستی اضلاع کے لیے مطلوبہ گرانٹس اور آکٹروئی فنڈز جاری کر دیے ہیں۔
لوکل کونسل بورڈ نے متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ جاری کردہ فنڈز کے ذریعے ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی فوری اور بروقت یقینی بنائی جائے۔
مراسلے میں تمام تحصیل میونسپل افسران کو اس معاملے کو ہنگامی اور ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
مزید برآں، ادائیگیوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد مجاز افسر کے دستخط شدہ تصدیقی سرٹیفکیٹ فوری طور پر لوکل کونسل بورڈ کو ارسال کرنے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ اسے ریکارڈ میں شامل کرنے اور آئندہ ضروری کارروائی کے لیے استعمال کیا جا سکے۔
لوکل کونسل بورڈ خیبرپختونخوا نے واضح کیا ہے کہ صوبے کے تمام بندوبستی اور ضم شدہ اضلاع میں بلدیاتی ملازمین کو اکتوبر کی تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی میں مزید تاخیر نہ کی جائے۔

WhatsApp
Get Alert