حکومتی پالیسیوں نے بلوچستان کو سنگین بحرانوں سے دوچار کردیا،مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی، مولانا عبدالواسع

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کی مشکلات میں اضافے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، مہنگائی، معاشی بدحالی اور ناقص حکومتی پالیسیوں کے باعث تاجر برادری شدید مشکلات کا شکار ہے، ہزاروں تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگار ہیں جبکہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال بھی انتہائی خراب ہے۔جمعیت علما اسلام وکلا فورم بلوچستان کے صدر ایڈووکیٹ ملک خلیل الرحمن کاکڑ کی قیادت میں وکلا کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں قتل و غارت گری، رہزنی اور بدامنی کے واقعات نے عوام کو عدم تحفظ سے دوچار کر رکھا ہے۔ حکمرانوں نے بنیادی سہولیات اور روزگار فراہم کرنے کے بجائے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی، معاشی اور امن و امان کی صورتحال سمیت وکلا برادری کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔مولانا عبدالواسع کا کہنا تھا کہ حکومتی ناقص پالیسیوں، غیر سنجیدہ طرز حکمرانی اور عوامی مسائل سے مسلسل چشم پوشی نے بلوچستان کو سنگین بحرانوں میں دھکیل دیا ہے۔ حکومت اپنی آئینی و قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے کے بجائے نمائش پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے۔
