بلوچستان اسمبلی میں 14 سالہ بندیہ کماری کے مبینہ اغوا پر اقلیتی اراکین کا احتجاج اور نعرے بازی، وزیرِ داخلہ کے کردار پر عدم اطمینان

واقعے کو 27 روز گزرنے کے باوجود محض تسلیاں دی جا رہی ہیں، بچی کو عدالت میں پیش یا والدین کے حوالے کیا جائے، سنجے کمار


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان اسمبلی اجلاس کے دوران رکن اسمبلی اشوک کمار نے 14 سالہ بندیہ کماری کے مبینہ اغوا کے معاملے پر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو کے کردار پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ نے اقلیتی ارکان اسمبلی سے اس معاملے پر بات تک نہیں کی اور انہیں صرف تسلیاں دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ بندیہ کماری کی بازیابی کے حوالے سے اب تک کیے گئے اقدامات سے وہ مطمئن نہیں ہیں۔اس موقع پر ارکان اسمبلی اشوک کمار اور سنجے کمار نے اسپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج کیا، جبکہ سنتوش کمار اور سنجے کمار نے بندیہ کماری کی بازیابی کے حق میں نعرے بازی کی۔صوبائی وزیر ظہور بلیدی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بندیہ کماری کے ساتھ پیش آنے والا معاملہ انتہائی گھناونا فعل ہے۔ بلوچستان کے عوام اور حکومت اقلیتی برادری کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بندیہ کماری کے ساتھ ہونے والا ظلم بلوچ اور پشتون روایات کے منافی ہے۔ رکن اسمبلی سنجے کمار نے مطالبہ کیا کہ 14 سالہ بندیہ کماری کو عدالت کے سامنے پیش کیا جائے یا اس کے والدین کے حوالے کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کو 27 روز گزر چکے ہیں لیکن تاحال صرف یقین دہانیاں کرائی جا رہی ہیں، لہذا بچی کی بازیابی کے لیے فوری اور مثر اقدامات کیے جائیں۔

WhatsApp
Get Alert