بھارت میں انڈر 19 ویمن کرکٹر کی خودکشی، اہلخانہ کا دو نوجوانوں پر ہراسانی کا الزام

ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی ریاست تلنگانہ میں بی سی سی آئی انڈر 19 کی 17 سالہ خاتون کرکٹر نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تلنگانہ میں بی سی سی آئی انڈر 19 ویمنز کرکٹ ٹیم کی 17 سالہ کھلاڑی نندنی مبینہ طور پر خودکشی کے باعث جان کی بازی ہار گئی، ان کی لاش ضلع ویکارآباد میں واقع ان کی نانی کے گھر سے ملی۔
واقعے کے بعد اہل خانہ اور رشتہ داروں نے احتجاج کرتے ہوئے دو نوجوانوں کو اس واقعے کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔
ویمن کرکٹر کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ دو نوجوانوں انیل اور کرشنا کی جانب سے مبینہ ہراسانی نے نندنی کو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔
اہل خانہ کے مطابق انیل گزشتہ چند روز سے محبت کے نام پر نندنی کا پیچھا کر رہا تھا اور اسے ہراساں کر رہا تھا، جبکہ نندنی کے گھر والوں نے کرشنا پر انیل کی مدد کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
پولیس نے خاتون کرکٹر کے ساتھ مبینہ ہراسانی کے معاملے کی تحقیقات بھی شروع کر دی ہیں اور اس سلسلے میں نندنی کا موبائل فون فارنزک کے لیے قبضے میں لے لیا ہے۔
نندنی کے اہل خانہ اور رشتہ داروں نے احتجاج کرتے ہوئے دونوں نامزد نوجوانوں کی فوری گرفتاری اور ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بعد نندنی کی لاش اہل خانہ کے حوالے کر دی ہے جبکہ نندنی کے والد کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت پر پولیس نے مشتبہ موت کا مقدمہ بھی درج کرلیا ہے۔
