ذیابیطس خاموش دشمن، احتیاط اور بہتر طرز زندگی سے قابو پایا جا سکتا ہے: مریم نواز


لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ذیابیطس کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ذیابیطس ایک خاموش دشمن ہے، جس پر احتیاط، آگاہی اور نظم و ضبط پر مبنی طرز زندگی اپنا کر قابو پایا جا سکتا ہے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ذیابیطس کے مرض کی بڑھتی ہوئی شرح اس بیماری کے خلاف مزید مؤثر اقدامات کی متقاضی ہے، ذیابیطس کا تیزی سے پھیلاؤ تشویش کا باعث ہے، تاہم اجتماعی کوششوں کے ذریعے اس مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صحت عوام کا بنیادی حق ہے اور حکومت پنجاب یہ حق ہر شہری کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹائپ ون ذیابیطس کے شکار بچوں کو انسولین کٹس ان کے گھروں تک پہنچائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ذیابیطس سمیت دیگر بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لیے لاکھوں میڈیسن باکس بھی ان کے گھروں تک پہنچائے جا رہے ہیں تاکہ مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آسکیں۔
مریم نواز شریف نے شہریوں پر زور دیا کہ اچھے شہری ہونے کے ناطے ہر فرد اپنی صحت کا خود محافظ بنے اور صحت مند طرز زندگی اپنائے۔
ان کا کہنا تھا کہ متوازن غذا، باقاعدہ ورزش اور بلڈ شوگر کا مسلسل معائنہ ذیابیطس سے بچاؤ اور اس پر قابو پانے کی بنیادی کنجی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ذیابیطس کے خلاف جنگ صرف حکومت کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، عوام میں آگاہی بڑھانے اور احتیاطی تدابیر اپنانے سے اس مرض کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد مل سکتی ہے۔

WhatsApp
Get Alert