19نومبر کی ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کو کامیاب بنانے کے لیے عوام، تاجروں، دکانداروں اور دیگر طبقوں سے رابطے اور مشاورت کا عمل تیز کیا جا ئے، نصر اللہ زیرے

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کی ضلعی کمیٹی کا اجلاس پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں 19 نومبر بروز جمعرات آل پارٹیز کی جانب سے صوبہ بھر میں اعلان کردہ مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال اور پْرامن احتجاجی مظاہروں کو کامیاب بنانے کے لیے ضلع کوئٹہ کی سطح پر بھرپور تیاریوں کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں میں پارٹی کارکنوں اور ذمہ داروں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی گئیں تاکہ ہڑتال اور احتجاجی مظاہروں کو کامیاب بنانے کے لیے عوام، تاجروں، دکانداروں اور دیگر طبقوں سے رابطے اور مشاورت کا عمل تیز کیا جا سکے۔اجلاس میں پارٹی کے مرکزی سینئر سیکرٹری سید عبدالقادر آغا ایڈووکیٹ، مرکزی سیکرٹری علانور خان، صوبائی سیکرٹری اول فقیر خوشحال کاسی، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز پروفیسر اسد ترین اور عبیداللہ توخی، صوبائی آفس سیکرٹری ندا محمد سنگر، فیاض خان، سلیمان بازئی، پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات وحدت افغان، ضلعی سیکرٹری ضعیف خان، حلیم لیوال اور دیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک اور بالخصوص پشتونخوا وطن میں دہشت گردی، بدامنی، عوام کے جان و مال کے عدم تحفظ، امن و امان کی مسلسل بگڑتی ہوئی صورتحال اور دیگر اہم قومی و سیاسی مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ شرکائ نے ان تمام سنگین مسائل کے خلاف آل پارٹیز کی جانب سے متفقہ طور پر شروع کی گئی احتجاجی تحریک کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انیس نومبر کی مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال اور پْرامن احتجاجی مظاہرے عوامی اتحاد، سیاسی شعور اور مشترکہ جدوجہد کا مؤثر اظہار ہوں گے۔اجلاس میں ضلع کوئٹہ کے تمام علاقائی و ابتدائی یونٹوں، پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں بھرپور عوامی رابطہ مہم چلائیں، تاجر برادری، دکانداروں، ٹرانسپورٹرز، سیاسی و سماجی حلقوں اور عوام کو ہڑتال کے مقاصد اور اہمیت سے آگاہ کریں اور 19 نومبر کے شٹر ڈاؤن اور احتجاجی مظاہروں کی کامیابی کے لیے منظم اور مؤثر کردار ادا کریں۔اجلاس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے بنیادی حقوق، امن و امان کے قیام اور پشتونخوا وطن میں جاری بدامنی کے خاتمے کے لیے تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کے ساتھ مل کر پْرامن اور جمہوری جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
