دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور پیشہ ورانہ عزم قابلِ تحسین ہیں، شاہد رند

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کولپور، کردگاپ اور نوشکی کے علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز کی جاری انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور پیشہ ورانہ عزم قابلِ تحسین ہیں۔اپنے ایک بیان میں شاہد رند نے کولپور کے علاقے میں کارروائی کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے آٹھ دہشت گردوں، جن میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا، کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی اور بھاری تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود کی برآمدگی سکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ شاہد رند نے دہشت گردوں کی جانب سے سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں پر مسلح کواڈ کاپٹرز کے ذریعے حملے کے نتیجے میں میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت پوری قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر جدید ڈرون ٹیکنالوجی، بارودی مواد اور دیگر تخریبی ذرائع استعمال کرکے سکیورٹی فورسز اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم سکیورٹی فورسز ان بدلتے ہوئے خطرات سے پوری طرح آگاہ ہیں اور دہشت گردوں کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ، تفتان قومی شاہراہ سمیت اہم شاہراہوں اور حساس علاقوں میں سکیورٹی کے مؤثر اقدامات، گشت اور کلیئرنس آپریشنز کا تسلسل عوام کے تحفظ اور معمولات زندگی کی بحالی کے لیے ناگزیر ہے۔ دہشت گردی کے خطرے کے مکمل خاتمے تک کارروائیوں کا جاری رہنا اس عزم کا اظہار ہے کہ ریاست امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ شاہد رند نے کہا کہ قومی ایکشن پلان کے تحت
وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیاں ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی عزم کی عکاس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور حکومت سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور امن کے قیام کے لیے دی جانے والی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
