وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو کا گردگاپ اور کولپور میں کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین، شہداء کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے گردگاپ اور کولپور کے گردونواح میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے میجر عمر ناصر منہاس اور حوالدار محمد عدنان خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ وطن کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے خلاف سرگرم دہشت گردوں کے لیے اب کوئی محفوظ پناہ گاہ باقی نہیں رہے گی۔ دہشت گردی کے ذریعے بلوچستان میں بدامنی پھیلانے اور قومی شاہراہوں پر معمولاتِ زندگی متاثر کرنے کی کوششیں ناکام بنائی جائیں گی۔ بلوچستان کی سرزمین پر امن دشمن عناصر کو دوبارہ قدم جمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور دہشت گردی کے ذریعے صوبے کی ترقی کا سفر روکنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے قومی حکمت عملی پر پوری قوت سے عملدرآمد جاری رہے گا۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں سے ملک میں پائیدار امن کی منزل حاصل کریں گے۔ دہشت گردی ایک ناسور ہے۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور بلوچستان شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ کھڑی ہے۔
