عمران خان کو کون مائنس کرسکتا ہے؟ پارٹی میں کوئی گروپنگ نہیں صرف اختلافِ رائے ہے، شوکت یوسفزئی

پارٹی میں ڈسپلن لانا تو سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر گوہر کی ذمہ داری ہے، ان کو اگر لگتا ہے کہ کوئی سازش ہو رہی ہے تو اسے پھر بےنقاب کریں، عمران خان سے ملاقاتوں کو متنازع نہیں بنانا چاہیے، رہنماء پی ٹی آئی کی گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی کے رہنماء شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ عمران خان کو کون مائنس کرسکتا ہے؟ پارٹی میں کوئی گروپنگ نہیں صرف اختلافِ رائے ہے، پارٹی میں ڈسپلن لانا تو سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر گوہر کی ذمہ داری ہے، ان کو اگر لگتا ہے کہ کوئی سازش ہو رہی ہے تو اسے پھر بےنقاب کریں، عمران خان سے ملاقاتوں کو متنازع نہیں بنانا چاہیے۔
جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان“ میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ میرے لیے تو بہت قابل احترام ہیں، پارٹی کے سیکریٹری جنرل ہیں، ہمیشہ ان کی عزت کی ہے۔ لیکن کل انہوں نے جو تحفظات کا اظہار کیا، پتا نہیں ایسا کیوں، جب کہ سب جانتے ہیں کہ یہ ملاقات ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق ہوئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اور جو وکلا ملے، ہو سکتا ہے کل کوئی اور وکلا صاحبان ملیں، اور ممکن ہے کہ ان میں سلمان اکرم راجہ صاحب بھی ہوں۔
اور ہمیں تو خوش ہونا چاہیے کہ عمران خان تک رسائی حاصل ہو گئی۔ ہمیں اس میں نہیں پڑنا چاہیے کہ اس وقت کون مل رہا ہے اور کون نہیں مل رہا۔ عمران خان کوئی اتنا چھوٹا بندہ نہیں ہے کہ کوئی بھی جا کر اس طرح سے ان کو غلط بیانی کر دے یا اپنے من پسند فیصلے نکلوائے، اس لیے سلمان اکرم راجہ پر بھروسہ کرنا چاہیے۔ انہیں اس طرح سے میڈیا پر آ کر نہیں کہنا چاہیے تھا کہ پارٹی کے اندر گروپنگ ہو رہی ہے۔
“
شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ”لازمی سی بات ہے اتنی بڑی پارٹی ہے، اختلافِ رائے ہونا کوئی ایسی بات نہیں اور عمران خان جو لیڈر ہے پارٹی کا وہ تو جیل میں ہے۔ لیڈر اگر جیل میں ہو تو اختلافِ رائے ہونا کوئی اتنی بری بات نہیں ہے، ایک اختلاف ہے اور ایک اختلافِ رائے، ہمیں اختلافِ رائے کو مثبت لینا ہوگا۔“
علامہ ناصر کے بیان پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ”عمران خان کو کون مائنس کر سکتا ہے۔
لطیف کھوسہ پارٹی کے ایم این اے ہیں اور سلمان صفدر عمران خان کے وکیل ہیں۔ اگر کوئی سازش ہوئی ہے تو سلمان صفدر کی؟ سلمان اکرم راجہ بڑی ریسپکٹ کرتے ہیں، وہ تو خود کہتے ہیں سلمان صفدر ایک پروفیشنل وکیل ہیں۔“
انہوں نے مزید کہا کہ ”ایک چیز واضح کرتا چلوں کہ اس پارٹی میں کوئی گروپنگ نہیں ہے، بلکہ صرف اختلافِ رائے ہے اور ڈسپلن کا فقدان ہے، اور ڈسپلن لانا تو سلمان اکرم راجہ اور بیرسٹر گوہر کی ذمہ داری ہے۔
ان کو اگر لگتا ہے کہ کوئی سازش ہو رہی ہے تو اسے پھر بے نقاب کریں۔“
ان کا کہنا تھا کہ ڈسپلن کا معاملہ اس لیے ہے کہ جب عمران خان سے ملاقاتیں ہوتی ہیں تو کون مل رہا ہے، کون نہیں مل رہا، اس پر پابندی نہیں لگانی چاہیے، سب کو ملنے کا حق ہے، چاہیں تو سلمان اکرم راجہ صاحب بھی جا کر مل لیں۔“
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اتنے عرصے بعد اڈیالہ کے دروازے کھلے ہیں، ہمیں اس بات کو متنازع نہیں بنانا چاہیے۔
میں اس چیز کا قائل نہیں ہوں بلکہ مجھے تو خوشی ہو رہی ہے کہ ملاقات ہوئی ہے اور جو بھی مل رہا ہے کم سے کم ان کی باتیں تو باہر آ رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ”اگر سلمان اکرم راجہ کو ملاقات کے بعد آنے والے بیانیے پر بھروسہ نہیں ہے تو کل جب ان کی یا بیرسٹر گوہر کی ملاقات ہو گی عمران خان صاحب سے، جو کہ ہو جائے گی، تو وہ خود جا کر پوچھ سکتے ہیں ان سے۔
“
کیا یہ ملاقات صوبوں کی تقسیم کے معاملے پر عمران خان کا بیان لینے کے لیے کروائی گئی؟شہزاد اقبال کے اس سوال پر شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ”سب جانتے ہیں کہ یہ ملاقات ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق ہوئی ہے، بیرسٹر گوہر نے اس ملاقات کے لیے عدالت سے درخواست کی تھی۔ اور جہاں تک صوبوں کی بات ہے تو ہاں بالکل اس معاملے پر بات ہوئی ہے اور عمران خان نے کہا ہے ابھی تک اس معاملے پر کوئی مسودہ سامنے نہیں آیا، جب آئے گا تو وہ رائے بھی دیں گے اور ڈسکشن بھی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نئے صوبوں کے معاملے پر کراچی کو لے کر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کراچی میں جو ہماری تنظیم ہے وہ تھوڑی ریلیکٹنٹ ہیں اس معاملے پر، باقی کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔“شوکت یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ ”عمران خان اتنی بڑی پارٹی کا لیڈر ہے، اگر کوئی ان سے یہ ملاقات کروا بھی رہا ہے، چاہے صوبوں کے معاملے پر ان سے مشاورت کی جا رہی ہے تو اس میں کوئی غلط بات نہیں ہے۔
بیرسٹر گوہر کو اس معاملے میں انٹروین کرنا ہوگا اور ان اختلافی بیانات کو میڈیا پر آنے سے روکنا ہوگا۔ اگر کوئی سازش ہے تو بتائیں کہاں ہے سازش۔
عمران خان کی ملاقاتوں اور صحت کے معاملے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ”عمران خان سے ملاقات کا سلسلہ بحال ہونا چاہیے اور یہ ان کا بنیادی حق ہے۔ ان کا علاج کیا جانا چاہیے، ہر قیدی کا بنیادی حق ہے۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ موجود ہے کہ انہیں ہسپتال شفٹ کیا جائے۔ عدالتی فیصلوں پر ہمیں کسی قسم کے کوئی شکوک و شبہات نہیں ہیں۔ سلمان اکرم راجہ خود بہت بڑے وکیل ہیں، انہیں تو اس بات کا علم ہے کہ جو عدالتی فیصلے ہوتے ہیں ان کا احترام ہونا چاہیے۔“

WhatsApp
Get Alert