عمران خان کے خیالات نئے صوبوں کے حق میں دکھائی دیتے ہیں، طارق فضل چوہدری

پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی جماعتیں نئے صوبوں پر متفق ہوں گی تو ن لیگ بھی ساتھ بیٹھے گی، نئے صوبوں کے معاملے پر کنفیوژن نہیں بس تاخیر ہے، پیپلز پارٹی کے ساتھ تاحال کوئی باضابطہ بات نہیں ہوئی، وفاقی وزیر پارلیمانی امور


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان کے خیالات نئے صوبوں کے حق میں دکھائی دیتے ہیں، پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی جماعتیں نئے صوبوں پر متفق ہوں گی تو ن لیگ بھی ساتھ بیٹھے گی، نئے صوبوں کے معاملے پر کنفیوژن نہیں بس تاخیر ہے، پیپل پارٹی کے ساتھ تاحال کوئی باضابطہ بات نہیں ہوئی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے ضروری ہے، ابھی تک نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے معاملے پر سیاسی جماعتوں میں سنجیدہ بحث نہیں ہورہی، وزیراعظم نے متعدد مواقع پر اپوزیشن رہنماؤں کو مذاکرات کی دعوت دی، مگر اب تک جواب نہیں ملا۔
سیاسی معاملات کو آگے بڑھانے کا راستہ بات چیت ہے۔


طارق فضل چوہدری نے کہا کہ انتخابی اصلاحات کمیٹی میں 20 ارکانِ قومی اسمبلی اور 10 سینیٹرز شامل ہوں گے، حکومتی اتحادی جماعتیں کمیٹی کے لیے اپنے نام دے چکی ہیں، اپوزیشن کے ارکان کے نام آنا باقی ہیں، اپوزیشن کی جانب سے کمیٹی میں 5 ارکانِ قومی اسمبلی اور 2 سینیٹرز شامل ہوں گے، کمیٹی میں آئندہ انتخابات کو غیر متنازع بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا، انتخابی اصلاحات کمیٹی ایسا فورم ہے جہاں دیگر قومی معاملات پر بھی بات ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو کم از کم ایک میز پر بیٹھ کر گفتگو کا ماحول پیدا کرنا چاہیے، نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر کنفیوژن نہیں ہے بلکہ اس پر سیاسی بحث ابھی شروع نہیں ہوئی، نئے صوبوں کے قیام پر عملی پیش رفت سیاسی جماعتیں باہمی مشاورت سے کر سکتی ہیں۔ نئے صوبے کسی ایک جماعت کے کہنے سے نہیں بن سکتے اور کسی ایک جماعت کے روکنے سے رُک نہیں سکتے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کا فیصلہ سیاسی جماعتوں کے اتفاقِ رائے اور اکثریتی رائے سے ہوگا، پی ٹی آئی ابھی حکومت کے ساتھ مذاکراتی میز پر بیٹھنے کے لیے تیار نہیں، پی ٹی آئی کے چیف وہپ سے آئندہ پیر ملاقات طے ہے، اس کے بعد جماعت کے مؤقف کا اندازہ ہوگا۔ بانی پی ٹی آئی سے جیل میں وکلا کی ملاقاتوں کے بعد سامنے آنے والے خیالات نئے صوبوں کے حق میں دکھائی دیتے ہیں، پی ٹی آئی اور دیگر سیاسی جماعتیں نئے صوبوں پر متفق ہوئیں تو مسلم لیگ ن بھی ان کے ساتھ بیٹھے گی، نئے صوبوں کے معاملے پر تاخیر ہے، کنفیوژن نہیں۔ پیپلز پارٹی کے ساتھ نئے صوبوں کے معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی۔

WhatsApp
Get Alert