فیس بک صارفین کی نجی تصاویر اور ویڈیوز تک رسائی پر میٹا کو 887 ملین ڈالر جرمانہ

اٹلی(قدرت روزنامہ)اٹلی کے ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیٹر نے صارفین کی اجازت کے بغیر ان کے موبائل فونز میں موجود تصاویر، ویڈیوز اور دیگر ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے پر فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا پر 88 کروڑ 70 لاکھ ڈالر (تقریباً 8 ہزار 360 کروڑ پاکستانی روپے) جرمانہ عائد کردیا۔
اطالوی حکام کے مطابق فیس بک ایپ کے ذریعے اینڈرائیڈ صارفین کی گیلری تک رسائی حاصل کی جا رہی تھی، تاہم صارفین کو اس بارے میں مناسب طور پر آگاہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان سے اس حوالے سے رضامندی حاصل کی گئی، اس عمل سے اٹلی میں تقریباً 2 کروڑ میٹا صارفین متاثر ہوئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ فیس بک کا یہ فیچر 2023 سے دستیاب تھا، جس کے تحت صارفین کی موبائل گیلری میں موجود تصاویر اور ویڈیوز تجویز کی جاتی تھیں تاکہ وہ انہیں فیس بک پر پوسٹ کرسکیں۔ تاہم ایپ میں گیلری تک رسائی کے لیے ایک ہی بار سرسری سی اجازت طلب کی جاتی تھی، جس سے صارفین کو یہ واضح نہیں ہوتا تھا کہ اجازت دینے کے نتیجے میں تصاویر اور ویڈیوز کی تجاویز دینے والا فیچر بھی فعال ہوجائے گا۔
اطالوی ریگولیٹر نے میٹا کو 60 روز کی مہلت دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ اس فیچر کو ڈیفالٹ طور پر بند کیا جائے اور اسے استعمال کرنے کے خواہش مند صارفین سے الگ اجازت لی جائے، کمپنی کو صارفین کو یہ بھی بتانا ہوگا کہ فیچر ان کی فون گیلری تک رسائی حاصل کرتا ہے اور اسے بند کیسے کیا جاسکتا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ میٹا کی جانب سے 2026 میں متعارف کرائے گئے ایک نئے فیچر کا الگ سے جائزہ بھی لیا جاسکتا ہے، جس کے تحت صارفین کی گیلری میں موجود تصاویر اور ویڈیوز ریموٹ سرورز پر پراسیس کی جاسکتی ہیں۔
