ٹرمپ انتظامیہ اپنی کامیابی کا بیانیہ پیش کرکے اپنی ناکامی کو چھپانا چاہتی ہے: ایران

تهران(قدرت روزنامہ)ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکی حکام اب ایران کیخلاف اپنی غیرقانونی جارحیت کے نتائج سےبچنےکے لیے نیا گمراہ کن بیانیہ پیش کررہے ہیں۔
اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ امریکی حکام کا 1979 کے انقلاب کے ذریعے امریکا سے جنگ کے آغاز کا موقف من گھڑت ہے، 1979 کا ایرانی انقلاب دراصل ملک کی خودمختاری، آزادی اور انسانی وقار کی بحالی کی تحریک تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام کے ذہنوں میں 1953 میں سی آئی اے کی حمایت سےہونے والی بغاوت کی تلخ یادیں تازہ ہیں، امریکا یہ حقیقت نہیں مٹاسکتاکہ دو مرتبہ مذاکرات کے دوران ایران کیخلاف بلااشتعال فوجی جارحیت کی، امریکا نے ایران کے سپریم لیڈر اور اعلیٰ ایرانی حکام کو قتل کیا، امریکا نے ہماری خواتین اور بچوں کو شہید اور زخمی کیا اور اہم بنیادی ڈھانچے کو تباہ کیا۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی انتظامیہ فوجی اور سیاسی محاذ پر ایک بند گلی میں پہنچ چکی ہے، امریکی انتظامیہ جنگ شروع کرنے کی ذمہ داری سے انکار کی کوشش کر رہی ہے ، ٹرمپ انتظامیہ اپنی کامیابی کا بیانیہ پیش کرکے اپنی ناکامی کو چھپانا چاہتی ہے۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ امریکی سیاسی نظام کی اعلیٰ ترین سطح پر تسلیم کیا گیا کہ ایران کیخلاف جنگ انتخابی شکست کی بنیادی وجہ تھی، امریکا ایرانی قوم کے خلاف تاریخی دشمنی کو ہوا دینے کا ذمہ دار رہا ہے، امریکا ایران کے خلاف فوجی جارحیت کا آغاز کرنے والا ملک بھی ہے۔
