میں نہیں سمجھتا عمران خان کسی صورت اسٹبلشمنٹ کی مدد کے بدلے میں رہائی لیں گے، نجم سیٹھی کا دعویٰ

عمران خان جانتے ہیں وہ ملک کے مقبول ترین لیڈر ہیں اور اگر آج منصفانہ الیکشن ہوں تو وہ وزیراعظم بن جائیں گے، اسٹبلشمنٹ کو یہ کبھی بھی منظور نہیں ہوگا؛ سینئر صحافی و تجزیہ کار کی گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینئر صحافی اور تجزیہ کار نجم سیٹھی نے حالیہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان کسی بھی سطح پر مفاہمت یا ایک صفحے پر آنے کا کوئی امکان موجود نہیں ہے۔
اس حوالے سے اپنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کسی صورت بھی ایک صفحے پر نہیں آ سکتے، اور یہ ان کا حتمی مؤقف ہے، کچھ ایسی اندرونی باتیں ہیں جن کا کھل کر اظہار نہیں کیا جا سکتا، تاہم یہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ دونوں فریقین کے درمیان کوئی مفاہمت ہوسکے۔


تجزیہ کار کا ماننا ہے کہ عمران خان کبھی بھی اسٹیبلشمنٹ کی مدد کرکے اس کے بدلے اپنی رہائی کا سودا نہیں کریں گے، وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ وہ ملک کے مقبول ترین رہنماء ہیں اور اگر آج ملک میں شفاف اور منصفانہ انتخابات کرا دیئے جائیں تو وہ بھاری اکثریت سے جیت کر دوبارہ وزیراعظم بن جائیں گے، یہی وہ حقیقت ہے جو اسٹیبلشمنٹ کو کبھی قبول نہیں ہو گی، جب کہ دوسری طرف عمران خان کو بھی جیل سے باہر آ کر خاموشی سے بنی گالہ بیٹھ جانا ہرگز منظور نہیں ہوگا۔
نوابشاہ میں صدر آصف علی زرداری اور محسن نقوی کے درمیان ہونے والی ملاقات کے حوالے سے نجم سیٹھی نے بتایا کہ اس ملاقات میں سیاسی امور کے ساتھ ساتھ کاروباری معاملات پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی ہے، اس وقت پی سی ہوٹل فروخت ہو رہے ہیں جنہیں خریدنے میں آصف زرداری بھی دلچسپی رکھتے ہیں، تاہم اس دوڑ میں کچھ اور طاقتور حلقے بھی شامل ہیں، محسن نقوی کی یہ ملاقات انہی طاقتور شخصیات کی طرف سے پیغام رسانی اور معاملات طے کرنے کا حصہ تھی۔
ملکی آئین اور قانون سازی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی نے دعویٰ کیا کہ جہاں تک 28ویں آئینی ترمیم کا تعلق ہے، آصف زرداری اس پر پہلے ہی رضا مندی ظاہر کر چکے ہیں، اس کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی پسِ پردہ ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے حق میں بھی تیار ہے، اور وہ اس معاملے میں کسی مخالفت کی بجائے صرف اس کے طریقہ کار اور مشاورت کے عمل کو حتمی شکل دینے کی خواہاں ہے۔

WhatsApp
Get Alert