اسلام آباد میں علاقائی اقتصادی تعاون پر اہم بیٹھک، ای سی او وزرائے خارجہ کا اجلاس آج ہوگا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے کونسل کے 30ویں اجلاس کی تیاریوں کے سلسلے میں سیکریٹریز اور فوکل نمائندگان کا اجلاس اسلام آباد میں شروع ہوگیا ہے، جبکہ وزرائے خارجہ کا 2 روزہ اجلاس آج سے شروع ہوگا، جس کی صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔ اجلاس میں علاقائی تجارت، توانائی، ٹرانسپورٹ اور وسطی ایشیا کو عالمی منڈیوں سے منسلک کرنے کے امکانات پر غور کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق سیکریٹریز اور فوکل نمائندگان کا اجلاس وزرائے خارجہ کے اجلاس کا ایجنڈا طے کرنے کے لیے منعقد کیا جا رہا ہے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی اجلاس میں شرکت کریں گے، جبکہ افغان وزیر خارجہ کو اس اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد بھی 30ویں ای سی او وزرائے کونسل کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزارتِ خارجہ کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق مختلف ممالک کے اعلیٰ حکام کی اسلام آباد آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل احمد سعید مراد زادہ اجلاس میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ آذربائیجان کے نائب وزیر خارجہ اور وفد کے سربراہ النور محمدوف اور ترکیہ کے نائب وزیر خارجہ موسیٰ کُلاکلیکایا بھی اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ وزارتِ خارجہ کے حکام نے ایئرپورٹ پر مہمانوں کا استقبال کیا۔
اجلاس میں رکن ممالک کے درمیان علاقائی تجارت کے فروغ، ٹرانسپورٹ کے بہتر نظام، توانائی کے شعبے میں تعاون اور تجارتی و اقتصادی روابط مضبوط بنانے کے امور زیرِ بحث آئیں گے۔ اس کے علاوہ وسطی ایشیائی ممالک کو عالمی منڈیوں تک رسائی دینے اور علاقائی رابطہ کاری کے نئے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اقتصادی تعاون تنظیم میں پاکستان، ایران، ترکیہ، افغانستان، آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان شامل ہیں۔ تنظیم کا مقصد رکن ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی روابط کو فروغ دینا ہے۔
اسلام آباد میں ہونے والا یہ اجلاس رکن ممالک کے درمیان مشترکہ اقتصادی ترجیحات اور علاقائی تعاون کے مستقبل کے حوالے سے اہمیت رکھتا ہے۔
