مجوزہ ریفرنڈم قومی سطح پر نہیں بلکہ ہر صوبے میں الگ الگ ہونا چاہیئے، سابق سینیٹر ثناء اللہ بلوچ کی تجویز
پنجاب کی آبادی تینوں صوبوں کی مجموعی آبادی سے زیادہ ہے، ملک گیر ریفرنڈم کے ذریعے ایک صوبے کی اکثریت کی رائے باقی تین صوبوں پر مسلط کرنا منصفانہ نمائندگی کے اصولوں کے منافی ہوگا؛ ایکس پوسٹ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سابق سینیٹر اور بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے رہنما ثناء اللہ بلوچ نے نئے صوبوں کے حوالے سے مجوزہ ریفرنڈم کے طریقہ کار اور وفاقی اکائیوں کے حقوق کے حوالے سے آئینی و سیاسی مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی مجوزہ ریفرنڈم کو قومی سطح پر منعقد کرنے کے بجائے ہر صوبے میں الگ الگ کرایا جانا چاہیئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ اپنے بیان میں ثناء اللہ بلوچ نے مؤقف اختیار کیا کہ جس طرح آئینِ پاکستان کا آرٹیکل 239(4) صوبائی حدود کے تحفظ کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت سے منظوری کو لازم قرار دیتا ہے، بالکل اسی آئینی اصول کا اطلاق مجوزہ ریفرنڈم پر بھی ہونا چاہیے، وفاقی اکائیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ضروری ہے کہ ریفرنڈم مجموعی ملکی سطح کے بجائے انفرادی طور پر ہر صوبے میں الگ الگ منعقد کیا جائے۔
ایک اہم اصول یہاں بھی لاگو ہونا چاہیے: جس طرح آرٹیکل 239(4) صوبائی حدود کے تحفظ کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی دو تہائی منظوری لازم قرار دیتا ہے، اسی اصول کے تحت مجوزہ ریفرنڈم بھی قومی سطح پر نہیں بلکہ ہر صوبے میں الگ الگ ہونا چاہیے۔
پنجاب کی آبادی تینوں صوبوں کی مجموعی آبادی سے زیادہ ہے؛ ایسے میں ملک گیر ریفرنڈم کے ذریعے ایک صوبے کی اکثریت کی رائے باقی تین صوبوں پر مسلط کرنا وفاقیت اور منصفانہ نمائندگی کے اصولوں کے منافی ہوگا۔ مزید یہ کہ پولنگ مراکز تک رسائی کے مواقع بھی تمام صوبوں میں یکساں نہیں۔
وفاق میں کسی ایک صوبے کی اکثریت باقی تین صوبوں کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ نہیں کر سکتی۔— Sana Ullah BALOCH (@Senator_Baloch) November 15, 2026
سابق سینیٹر نے آبادی کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے نشاندہی کی کہ صوبہ پنجاب کی آبادی ملک کے باقی تینوں صوبوں کی مجموعی آبادی سے زیادہ ہے، ایسی صورتحال میں اگر ملک گیر سطح پر ایک ہی ریفرنڈم کرایا گیا تو اس کے نتیجے میں ایک صوبے کی اکثریتی رائے باقی تین صوبوں پر مسلط ہو جائے گی، جو کہ وفاقیت کی روح اور منصفانہ نمائندگی کے بنیادی اصولوں کے سراسر منافی اقدام ہوگا۔
ثناء اللہ بلوچ نے انتخابی انتظامات کے عملی پہلوؤں کی جانب توجہ دلاتے ہوئے مزید کہا کہ ملک کے تمام صوبوں میں شہریوں کو پولنگ مراکز تک رسائی کے مواقع بھی یکساں میسر نہیں ہیں، اپنے بیان کے اختتام پر انہوں نے دوٹوک مؤقف اپنایا کہ ایک وفاقی نظام میں کسی ایک صوبے کی اکثریت کو یہ اختیار حاصل نہیں ہو سکتا کہ وہ باقی تین صوبوں کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرے۔
