عمران خان کے نئے پریکٹیکل اپروچ بیانیے سے کچھ لوگوں کو مایوسی ہورہی ہے، رؤف کلاسرہ کا تبصرہ

وہ شاید انہیں ساری عمر جیل میں ڈٹا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں، ہم انسان اپنے ہیرو کو ساری عمر بہادر دیکھنا چاہتے ہیں، چاہے اسے پھانسی کا پھندا کیوں نہ چومنا پڑے یا عمر جیل میں گزارنی پڑے؛ صحافی و تجزیہ کار کا کالم


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)معروف صحافی و تجزیہ کار رؤف کلاسرہ نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی قانونی ٹیم لطیف کھوسہ اور سلمان صفدر سے ہونے والی حالیہ ملاقات کے بعد سامنے آنے والے بیانات، سیاسی رویوں، تاریخی ہیروز کے نفسیاتی و سماجی کردار اور ذوالفقار علی بھٹو اور جواہر لعل نہرو کے موازنے پر مبنی خیالات کا اظہار کیا ہے۔
اس حوالے سے اپنے کالم میں رؤف کلاسرہ کے مطابق عمران خان کی حالیہ ملاقاتوں کے بعد باہر آنے والی غیرمعمولی باتوں سے ان کی سوچ میں ایک نئی عملی اپروچ کا اندازہ ہوتا ہے، جو پاکستان تحریک انصاف کے سخت گیر حامیوں کے لیے کچھ حد تک مایوس کن بعض دیگر کے نزدیک ایک مثبت تبدیلی ہے، جو لوگ اس مبینہ لچکدار رویے پر مایوسی کا شکار ہیں، وہ شاید اپنے ہیرو کو ساری عمر جیل میں ڈٹا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ انسان اپنے ہیرو کو ہمیشہ بہادر دیکھنا پسند کرتا ہے، خواہ اسے پھانسی کا پھندا ہی کیوں نہ چومنا پڑے۔


انہوں نے ہیرو کی نفسیات پر روشنی ڈالتے ہوئے لکھا کہ انسانی معاشروں کو ہمیشہ ایسے ہیروز کی ضرورت رہی ہے جو انہیں تحفظ کا احساس دلائیں، اصل المیہ یہ نہیں کہ برے حالات میں کوئی ہیرو موجود نہیں بلکہ اصل بدقسمتی یہ ہے کہ ہمیں بار بار ہیرو کی ضرورت پیش آ رہی ہے، تاریخ گواہ ہے کہ ہیرو اور ٹریجڈی کا آپس میں گہرا تعلق رہا ہے، اور پاکستان کی سیاسی تاریخ میں اس تعریف پر دو ہی بڑے رہنما پورا اترتے ہیں جن کے انجام الم ناک ہوئے، ایک ذوالفقار علی بھٹو اور دوسرے عمران خان ہیں۔
رؤف کلاسرہ مزید لکھتے ہیں کہ ہیرو بننے کے لیے عوام میں بے پناہ مقبولیت اور کرشماتی شخصیت کا ہونا لازمی ہے جس پر لوگ جان دینے کو تیار ہوں، بھٹو کے دور میں لوگوں نے خودسوزیاں کیں، جبکہ عمران خان کے کرشماتی اثرات کا یہ عالم ہے کہ شاہ محمود قریشی جیسے روایتی سیاسی پس منظر اور اشرافیہ سے تعلق رکھنے والے رہنما بھی پارٹی وابستگی کی خاطر برسوں سے جیل میں قید ہیں، لاکھوں چاہنے والوں کی محبت اکثر رہنماؤں کی عاجزی کو ختم کر کے ان میں غرور اور تکبر پیدا کر دیتی ہے، اور درباری یا خوشامدی عناصر انہیں یہ یقین دلانے لگتے ہیں کہ وہ عام انسان نہیں بلکہ خدا کے بھیجے ہوئے خاص لوگ ہیں۔
برصغیر کی سیاست کے دو بڑے ناموں کا ذکر کرتے ہوئے رؤف کلاسرہ نے جواہر لعل نہرو اور ذوالفقار علی بھٹو کا تقابل کیا اور بتایا کہ نہرو کا خاندان بھی مالی لحاظ سے انتہائی امیر تھے، وہ لگ بھگ 16 سال تک بھارت کے وزیراعظم رہے، لیکن ان کی گفتگو، تحریروں اور انٹرویوز میں ایک عاجزی اور سمجھداری نظر آتی تھی جس میں تکبر کا عنصر نہیں تھا، اس کے برعکس بھٹو جو کہ ایک وسیع لائبریری اور شاندار مطالعے کے باوجود ایک خاص قسم کے سیاسی غرور کا شکار رہے، جبکہ عمران خان فکری و کتابی مطالعے کے لحاظ سے اس کلاس میں فٹ نہیں بیٹھتے لیکن ان کی کرشماتی شخصیت ان سب پر بھاری ثابت ہوئی۔

WhatsApp
Get Alert