نئے صوبوں پر ریفرنڈم ہوا تو تاریخی روایات کے پیشِ نظر نتائج کیا ہوں گے؟ محمد حنیف کا دلچسپ وی لاگ

اگر اب نئے صوبوں پر ریفرنڈم ہوا بھی تو سوال جو بھی پوچھا جائے، تاریخ تو یہی بتاتی ہے کہ عوام کہیں گے کہ ’ہم نے پہلے کبھی آپ کو نہ کی ہے جو اب کریں گے!‘ مصنف و تجزیہ کار کی گفتگو


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)معروف مصنف، صحافی اور تجزیہ کار محمد حنیف نے بی بی سی اردو کے اپنے وی لاگ میں ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام کے حوالے سے ہونے والی سیاسی بحث اور ریفرنڈم کے آئیڈیا پر دلچسپ اور طنزیہ تبصرہ کیا ہے، جس میں انہوں نے ملکی تاریخ کے سابقہ ریفرنڈمز کی مثالیں دیتے ہوئے اس عمل کے نتائج اور پس منظر پر روشنی ڈالی۔
وی لاگ کے آغاز میں محمد حنیف نے موجودہ سیاسی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کے قیام پر بحث کافی پیچیدہ ہو چکی ہے، جہاں سیاستدان آپس میں الجھے ہوئے ہیں اور مختلف صوبوں کے بھی اپنے تحفظات ہیں، اس صورتحال سے نکلنے کے لیے اب یہ تجویز سامنے آئی ہے کہ سیاسی بحث کو چھوڑ کر سیدھا عوام سے رجوع کیا جائے اور ریفرنڈم کروایا جائے۔
تاریخی پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ریفرنڈم ایک ’شرطیہ کامیاب نسخہ‘ رہا ہے جو ماضی میں دو مرتبہ آزمایا جا چکا ہے، ملک میں کبھی بھی کسی عام انتخابات کے نتائج اتنے واضح اور مثبت نہیں آئے جتنے ماضی کے ریفرنڈمز کے آئے اور دونوں مرتبہ ریفرنڈم کروانے والے حکمران خود یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ عوام کے دلوں میں ان کے لیے اتنی محبت کہاں سے آ گئی۔
جنرل ضیاء الحق کے دور کا ذکر کرتے ہوئے محمد حنیف نے بتایا کہ پانچ سال تک صدر رہنے کے بعد انہیں خیال آیا کہ عوام کی رائے لی جائے، اس وقت ریفرنڈم میں سوال کچھ یوں گھما کر پوچھا گیا کہ کیا آپ ملک میں اسلامی نظام چاہتے ہیں؟ اور اگر چاہتے ہیں تو پھر جنرل ضیاء الحق اگلے پانچ سال تک صدر رہیں گے، اس ریفرنڈم میں 62 فیصد سے زائد لوگوں نے ووٹ ڈالا جس میں سے 98.53 فیصد ووٹرز نے اس حق میں رائے دی کہ انہیں اسلام بھی چاہیے اور صدر بھی، اس موقع پر شاعر حبیب جالب کے مزاحیہ و طنزیہ اشعار کا ذکر کرتے ہوئے کہا گیا کہ سچی بات یہ ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی اس کے خلاف جانے کی جرات نہیں کر سکتا تھا۔
دوسری مثال دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ جنرل پرویز مشرف نے عوام سے بالکل سیدھا سوال کیا کہ بتاؤ وہ پانچ سال اور صدر رہیں یا نہیں، اس ریفرنڈم کے لیے 56 فیصد سے زائد ٹرن آؤٹ ریکارڈ کیا گیا جس کے لیے ووٹر کی عمر 21 سال سے کم کرکے 18 سال کر دی گئی تھی اور شناختی کارڈ کی لازمی پابندی بھی ختم کر دی گئی تھی، اس بار بھی نتائج 97.97 فیصد سے زائد حمایت کی صورت میں سامنے آئے۔
اپنے وی لاگ کے اختتام پر محمد حنیف نے نتیجہ اخذ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اب نئے صوبوں کے قیام پر ریفرنڈم کروا بھی لیا جائے، تو سوال چاہے کچھ بھی پوچھا جائے، تاریخ ہمیں یہی بتاتی ہے کہ عوام کا جواب ہمیشہ یہی ہوگا کہ ’ہم نے پہلے کبھی آپ کو نہ کی ہے جو اب کریں گے!‘۔

WhatsApp
Get Alert