اسٹیبلشمنٹ ن لیگ سے ناراض ہے، عاصمہ شیرازی کا دعویٰ
صوبوں کے معاملے پر ن لیگ کا کوئی واضح موقف نہیں، مولانا فضل الرحمان کے معاملے پر بھی اسٹیبلشمنٹ اور ن لیگ کے درمیان تفریق موجود ہے، ن لیگ اب اسٹیبلشمنٹ کی گڈ بکس میں نہیں ہے؛ تجزیہ کار کا وی لاگ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)صحافی اور تجزیہ کار عاصمہ شیرازی نے اپنے ایک وی لاگ میں انکشاف کیا ہے کہ ملکی سیاسی منظرنامے میں اہم تبدیلیوں اور دو بنیادی معاملات پر پاکستان کی اسٹیبلشمنٹ اور حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کے مابین شدید اختلافات اور دوریوں کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں، جس کے بعد پی ایم ایل این مبینہ طور پر اسٹیبلشمنٹ کی گڈ بکس میں نہیں رہی۔
عاصمہ شیرازی کے مطابق موجودہ سیاسی صورتحال میں نئے صوبوں کے قیام اور انتظامی یونٹس کی بحث کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کی طرف سے تاحال کوئی واضح اور دوٹوک بیانیہ سامنے نہیں آ سکا ہے، صوبوں کی تشکیل اور انتظامی تقسیم کے معاملے پر جہاں دیگر سیاسی جماعتوں نے اپنے فیصلے اور مؤقف کھل کر سامنے رکھ دیئے ہیں، وہیں ن لیگ کی خاموشی اور مبہم پالیسی پر اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے ناراضی پائی جا رہی ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ن لیگ سے ناراض ہے کیونکہ صوبوں کے معاملے پر ن لیگ کا کوئی واضح موقف نہیں مولانا فضل الرحمان کے معاملے پر بھی اسٹیبلشمنٹ اور ن لیگ کے درمیان تفریق موجود ہے ن لیگ اب اسٹیبلشمنٹ کی گڈ بکس میں نہیں ہے ! عاصمہ شیرازی ۔۔
واقعی ایسا ہے یا اینٹی اسٹیبلشمنٹ کا بیانیہ بنایا جا رہا ہے ؟— AMJAD KHAN (@iAmjadKhann) November 14, 2026
وی لاگ میں مزید بتایا گیا کہ صرف نئے صوبوں کا مسئلہ ہی نہیں بلکہ اس کے علاوہ دیگر سنگین سیاسی امور بالخصوص جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ پیش آنے والے معاملات پر بھی اسٹیبلشمنٹ اور مسلم لیگ ن کے درمیان تفریق اور پالیسیوں کا اختلاف موجود ہے، ان حساس امور پر پیدا ہونے والی کشیدگی نے دونوں فریقین کے تعلقات کو مزید پیچیدہ کر دیا ہے۔
تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ ایک طرف جہاں پاکستان پیپلز پارٹی نے مختلف سیاسی اور انتظامی امور پر اپنا حتمی فیصلہ اور مؤقف کھل کر عوام اور ایوانوں میں سامنے رکھ دیا ہے، وہیں دوسری طرف مسلم لیگ ن کی جانب سے کسی واضح لائحہ عمل کا نہ آنا ہے، اسی تذبذب کی وجہ سے مسلم لیگ ن فی الوقت اقتدار کے اہم حلقوں میں عدم اعتماد کا شکار ہوتی دکھائی دے رہی ہے، اور ن لیگ اب اسٹیبلشمنٹ کی گڈ بکس میں نہیں رہی۔
