میپکو کا یکم جنوری 2027 سے پاکستان پوسٹ آفسز کے ذریعے بجلی بلوں کی وصولی بند کرنے کا فیصلہ

ملتان(قدرت روزنامہ)ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے یکم جنوری 2027 سے پاکستان پوسٹ آفسز کے ذریعے بجلی کے بلوں اور واجبات کی وصولی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
میپکو حکام کے مطابق صارفین 31 دسمبر 2026 تک پاکستان پوسٹ آفسز میں اپنے بجلی کے بل اور بقایاجات جمع کراسکیں گے، تاہم نئے سال کے آغاز سے جنوبی پنجاب کے تمام متعلقہ اضلاع میں پوسٹ آفسز کے ذریعے بجلی کے بلوں کی ادائیگی کی سہولت مکمل طور پر ختم کردی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے باضابطہ طور پر پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کو آگاہ کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ بلوں کی وصولی کا موجودہ نظام مقررہ تاریخ تک جاری رہ سکے۔
میپکو نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ 31 دسمبر کی آخری تاریخ سے قبل بجلی کے بلوں کی ادائیگی کے لیے متبادل انتظامات کرلیں تاکہ انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
پوسٹ آفسز کے ذریعے بلوں کی وصولی بند ہونے کے بعد صارفین نامزد بینکوں اور ڈیجیٹل ادائیگی کے ذرائع سے اپنے بجلی کے بل جمع کراسکیں گے۔ ان ذرائع میں ایزی پیسہ، جاز کیش اور مختلف بینکوں کی موبائل بینکنگ ایپلی کیشنز شامل ہیں۔
میپکو حکام نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ پوسٹ آفسز کی سہولت ختم ہونے سے پہلے ہی ادائیگی کے متبادل ذرائع استعمال کرنے کی تیاری کرلیں تاکہ بجلی کے بلوں کی بروقت ادائیگی میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
