گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں پاکستان کا نام سندھ حکومت کی وجہ سے آیا ہے، شرجیل انعام میمن

کراچی (قدرت روزنامہ) سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں پاکستان کا نام سندھ حکومت کی وجہ سے شامل ہوا ہے، غریب عوام کیلئے دنیا میں سب سے زیادہ مکانات سندھ میں بنائے گئے جو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا روشن وژن تھا۔
پریس کانفرنس کے دوران شرجیل انعام میمن نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی مسلسل کوششوں اور سندھ حکومت کے اقدامات کی وجہ سے آج بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن ہوا ہے، سندھ پیپلز ہاؤسنگنگ فاؤنڈیشن کے تحت سیلاب متاثرین کیلئے اب تک 10 لاکھ سے زائد گھر مکمل کیے جاچکے ہیں، مزید 7 لاکھ گھروں پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، ان گھروں کے مالکانہ حقوق خواتین کو دیے جا رہے ہیں، جو صوبے میں خواتین کی بااختیاری کی ایک بڑی مثال ہے۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں پاکستان کا نام سندھ حکومت کی وجہ سے آیا ہے۔ غریب عوام کے لیے دنیا میں سب سے زیادہ گھر بنائے گئے۔ یہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا ویژن تھا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول کی کوششوں، پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت کی وجہ سے آج پاکستان کا نام روشن ہوا۔ ایس پی ایچ ایف کے تحت گھروں کے مالکانہ حقوق خواتین کو دیے جا رہے ہیں۔
— Sindh Information Department (@sindhinfodepart) November 16, 2026
سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے صوبہ بھر میں 42 ہزار 565 ویلج ری کنسٹرکشن کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں، جن میں خواتین کی 42 فیصد نمائندگی کو لازمی بنایا گیا ہے، امدادی رقوم شفاف طریقے سے براہ راست مستحقین کے اپنے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی جا رہی ہیں، سندھ کا یہ ہاؤسنگ پروگرام دنیا بھر میں قدرتی آفات کے بعد بحالی اور گھروں کی تعمیرِ نو کا سب سے بڑا منصوبہ تسلیم کیا گیا ہے۔
ایم کیو ایم کی سیاست اور بیانات پر شدید تنقید کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ایم کیو ایم خود فارم 47 کی پیداوار ہے، سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی صوبوں سے متعلق اپنے اصولی مؤقف پر مکمل قائم ہے اور ہر اسمبلی اپنا فیصلہ خود کرے گی، آئین کے مطابق نئے صوبوں کا اختیار متعلقہ صوبائی اسمبلی کے پاس ہے اور اس کے لیے اسمبلی سے باقاعدہ قرارداد منظور ہونا لازمی ہے۔
صوبائی وزیر نے ریفرنڈم کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آج کے آئین میں ریفرنڈم کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے، صوبوں کے معاملے پر اس قسم کے فتوے یا کھوکھلے نعرے نہیں چلیں گے، ایم کیو ایم کی جانب سے اس حساس معاملے کو سیاسی بحث اور نفرت انگیز بیانات کی طرف لے جانا انتہائی نا مناسب عمل ہے، صوبوں کے قیام کا فیصلہ آئینی طریقہ کار کے مطابق صرف اسمبلیوں نے ہی کرنا ہے، اس معاملے پر اختلافِ رائے کو ہرگز نفرت اور انتشار کا ذریعہ نہیں بنانا چاہیئے۔
