میرے والد کی جانب سے پاکستان کے چیف جسٹس کے نام لکھا گیا یہ کھلا خط انتہائی تکلیف دہ ہے، سلیمان خان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) بانی پی ٹی آئی کے صاحبزادے سلیمان خان کا کہنا ہے کہ میرے والد کی جانب سے پاکستان کے چیف جسٹس کے نام لکھا گیا یہ کھلا خط انتہائی تکلیف دہ ہے، عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ساتھ جیل میں ناروا سلوک پاکستان کے آئین، جیل مینوئل کی خلاف ورزی ہے، عدالتی احکامات کے مطابق انہیں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے، اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے۔
ایکس پر عمران خان کے صاحبزادے سلیمان خان نے کھلے خط پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جیل میں جس ناروا سلوک کا سامنا ہے، وہ پاکستان کے آئین، جیل مینوئل، جیل قوانین اور سپریم کورٹ کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
“My father’s appeal to receive proper medical care is in no way a request for special treatment, it is the absolute bare minimum required to comply with internationally recognised standards for human rights.” -@SulaimanKNiazi
#ShiftKhanToHospitalNow— PTI (@PTIofficial) November 16, 2026
سلیمان خان کے مطابق گزشتہ ایک سال سے تنہائی میں قید ہونے کے باعث ان کے والد کا بلڈ پریشر خطرناک حد تک بڑھ چکا ہے۔
ڈاکٹروں نے انہیں دماغی شریان پھٹنے اور دل کا دورہ پڑنے کے شدید خطرے سے آگاہ کیا ہے۔
سلیمان خان نے الزام عائد کیا کہ پاکستانی حکومت سپریم کورٹ کے ان احکامات کو نظر انداز کر رہی ہے جن کے تحت عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال میں علاج، اہل خانہ اور ڈاکٹروں سے ملاقاتوں اور اپنے بیٹوں سے باقاعدگی سے فون پر بات کرنے کی سہولت فراہم کی جانی تھی۔
سلیمان خان کا کہنا تھا کہ ان کے والد کی جانب سے مناسب طبی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کسی خصوصی رعایت کے لیے نہیں بلکہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی تسلیم شدہ معیارات کے مطابق بنیادی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت سپریم کورٹ کے احکامات پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے عمران خان کو علاج کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرے، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے۔
یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے اڈیالہ جیل سے ملک کی اعلیٰ ترین عدلیہ کے سربراہان یعنی چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے نام ایک کھلا خط ارسال کردیا، اس خط میں انہوں نے جیل کے اندر اپنی اور اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی تشویشناک طبی حالت، طویل قیدِ تنہائی، بنیادی انسانی حقوق کی پامالی اور عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ ہونے کے خلاف لکھتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ بہت دیر ہونے سے پہلے مجھے انصاف دیا جائے۔
اطلاعات کے مطابق خط کے آغاز میں عمران خان نے واضح کیا کہ وہ اپنی آواز جیل کی بلند دیواروں سے باہر عوام اور عدالتی ایوانوں تک پہنچانے کے لیے یہ کھلا خط لکھنے پر مجبور ہوئے ہیں، انہیں مکمل طور پر سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، 20 دسمبر 2025ء سے انہیں روزانہ 22 گھنٹے تک سخت تنہائی میں رکھا جا رہا ہے، نہ تو انہیں اہلخانہ سے باقاعدہ ملاقات کی اجازت دی جا رہی ہے اور نہ ہی وکلاء تک مناسب رسائی حاصل ہے، قید خانے میں انہیں مطالعہ کے لیے کتابیں اور خبروں کے حصول کے لیے ٹیلی ویژن کی سہولت تک سے محروم رکھا گیا ہے۔
Open Letter of Mr Imran Khan for kind consideration of Hon Chief Justice’s of Pakistan. Humanitarian Plea for Medical Treatment & Shift to Hospital – Voice From Behind the Prison Walls of Adyala. https://t.co/bIqBxqGuX9
— Barrister Salman Safdar (@BrSalmanSafdar) November 16, 2026
انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران صرف چار مرتبہ وکلاء سے ملاقات کی اجازت دی گئی، جیل حکام باقاعدگی سے ان کی ہفتہ وار خاندانی ملاقاتیں بھی منسوخ کر رہے ہیں، طویل قیدِ تنہائی اور انسانی رابطے کی مکمل کمی نے ذہنی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب کیے، جیل کے اپنے میڈیکل بورڈ نے بھی یہ سفارش کی تھی کہ ذہنی تناؤ سے بچانے کے لیے اہلیہ اور خاندان سے زیادہ رابطے کی اجازت دی جائے، تاہم اس سفارش پر بھی کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا، بیرونِ ملک مقیم اپنے بیٹوں سے فون پر بات کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی، جو کسی بھی قیدی کا بنیادی حق ہے۔
اس کے علاوہ خط میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے چیف جسٹسز کے نام خط میں اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت کا انتہائی سنجیدہ معاملہ بھی اٹھایا اور بتایا کہ اپریل 2026ء میں بشریٰ بی بی کی ریٹینا ڈیٹیچمنٹ کی پیچیدہ سرجری ہوئی تھی لیکن اس کے باوجود انہیں دوبارہ قیدِ تنہائی میں ڈال دیا گیا، جب اہلیہ سے ملاقات کی تو وہ نہ تو روشنی محسوس کرسکتی تھیں اور نہ ہی اپنی آنکھیں کھولنے کے قابل تھیں۔
عمران خان نے عدالتوں کو یاد دلایا کہ 18 اگست 2026ء کو سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے جیل حکام کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد انہیں دو روز کے اندر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے، ماہر ڈاکٹروں سے مکمل طبی معائنہ کرانے اور اہلخانہ سے ہفتہ وار ملاقاتیں بحال کرنے کا واضح حکم صادر کیا تھا، تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود اس پر تاحال کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا۔
اپنی صحت کے حوالے سے انتہائی تشویشناک انکشاف کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ جیل میں بلڈ پریشر مسلسل خطرناک حد تک بڑھ رہا ہے، جو پہلے 130، پھر 150، 170 اور گزشتہ ہفتے بڑھتے ہوئے 192 اور 193 کی سطح تک پہنچ گیا، جیل کے معائنہ کرنے والے ڈاکٹروں کے مطابق اس شدت کے بلڈ پریشر کے باعث انہیں برین ہیمرج اور دل کا دورہ پڑنے کا شدید خطرہ لاحق ہے، بگڑتی ہوئی صحت اور بنیادی حقوق کو یکسر نظر انداز کرکے القادر کیس کی اپیل کو دیگر پرانی اپیلوں پر ترجیح دی جا رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ قانون سے بالاتر ہونے کا مطالبہ نہیں کرتے اور نہ ہی کسی رعایت یا خصوصی حق کے طلبگار ہیں بلکہ ان کا واحد مطالبہ عدالتی احکامات پر من و عن عمل درآمد اور بروقت مناسب طبی سہولیات کی فراہمی ہے، حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے بہت دیر ہونے سے پہلے مجھے انصاف فراہم کیا جائے کیوں کہ زندہ رہوں گا تو اپنی بے گناہی ثابت کرسکوں گا۔
