ڈیل یا ڈھیل کا تاثر غلط، عمران خان کو سرجری کی ضرورت ہے تو حکومت سہولت دے گی، راناثناءاللہ
حکومت کی پالیسی بالکل واضح ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو مستند ڈاکٹرز کی تجویز اور ایڈوائز کے مطابق علاج کی مکمل سہولت فراہم کی جائے گی؛ وفاقی مشیر کی گفتگو

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ اگر ڈاکٹروں کے میڈیکل بورڈ نے یہ فیصلہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سرجری کی ضرورت ہے تو حکومت انہیں ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرے گی۔
جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کے دوران رانا ثناءاللہ نے اس تاثر کو مسترد کر دیا کہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج معالجے میں کوئی غفلت برتی جا رہی ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کے علاج کے حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی گئی، کومت کی پالیسی بالکل واضح ہے کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو مستند ڈاکٹرز کی تجویز اور ایڈوائز کے مطابق علاج کی مکمل سہولت فراہم کی جائے گی، اگر میڈیکل بورڈ سرجری کی سفارش کرتا ہے تو حکومت اس میں مکمل تعاون اور سہولت کاری کرے گی۔
ملکی سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کے رویے پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ پی ٹی آئی والے ماضی میں انتشار اور ہنگامہ آرائی چاہتے تھے، تاہم اب مسلسل ناکامی کے بعد وہ بات چیت کی طرف آئے ہیں، حکومت نے ہمیشہ اچھے طریقے سے معاملات طے کرنے کی کوشش کی مگر اپوزیشن انکاری رہی، حکومت کی پالیسی اب بھی یہی ہے کہ تمام فریقین مل بیٹھ کر ڈائیلاگ کے ذریعے سیاسی و قومی ایشوز کو حل کریں، تاہم یہ تاثر مکمل طور پر غلط ہے کہ اس وقت کوئی ڈیل یا ڈھیل ٹیبل پر موجود ہے۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث پر تبصرہ کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ صوبوں کا معاملہ جب پارلیمنٹ میں پہنچے گا، جس میں اب زیادہ دیر نہیں رہی تو اس پر تفصیلی بحث کی جائے گی، نئے صوبوں کی تشکیل کوئی ایسا معمولی یا انفرادی معاملہ نہیں ہے کہ کوئی ایک شخص اس پر بات کرے اور اس کا حل نکل آئے بلکہ یہ ایک آئینی اور قومی معاملہ ہے جس کا فیصلہ پارلیمنٹ کے فورم پر باہمی مشاورت اور بحث کے بعد ہی کیا جائے گا۔
