وزارت خزانہ کا وفاقی اداروں کو ملازمین کی کم از کم اجرت یقینی بنانے کا حکم


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزارت خزانہ نے تمام وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ماتحت اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کو حکومت کی مقرر کردہ کم از کم اجرت کی ادائیگی یقینی بنائیں۔ اس ہدایت کا اطلاق خودمختار اداروں، سرکاری کارپوریشنز اور وفاقی وزارتوں کے انتظامی کنٹرول میں کام کرنے والی دیگر تنظیموں پر بھی ہوگا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے تمام وفاقی وزارتوں کو جاری کردہ آفس میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ماتحت اداروں سے تحریری تصدیق حاصل کریں کہ وہاں حکومت کے کم از کم اجرت کے فیصلے پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ وزارتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس فیصلے پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
یہ ہدایات قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز و انسانی وسائل کی جانب سے متعدد سرکاری اداروں میں مقررہ کم از کم اجرت پر عمل درآمد نہ ہونے کے حوالے سے بار بار تحفظات ظاہر کیے جانے کے بعد جاری کی گئی ہیں۔
قائمہ کمیٹی نے نشاندہی کی تھی کہ اگر سرکاری ادارے ہی حکومت کی مقرر کردہ کم از کم اجرت کے قانون پر عمل نہیں کریں گے تو اس سے نجی شعبے کے آجر بھی قواعد و ضوابط کی پابندی کرنے کی حوصلہ شکنی ہوگی۔
رواں ماہ کے آغاز میں قائمہ کمیٹی نے وزارت خزانہ اور وزارت اوورسیز پاکستانیز کو ہدایت کی تھی کہ وہ تمام متعلقہ محکموں سے تحریری یقین دہانیاں حاصل کریں اور کم از کم اجرت کی ادائیگی میں مزید تاخیر روکنے کے لیے نئی ہدایات جاری کریں۔
ورکرز ویلفیئر فنڈز کے بہتر استعمال کی تجویز
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے وزارت خزانہ سے یہ بھی کہا ہے کہ ورکرز ویلفیئر فنڈز کو ایسے بینک اکاؤنٹس میں رکھنے پر غور کیا جائے جہاں سے منافع حاصل ہو سکے۔
کمیٹی کے مطابق ان فنڈز سے حاصل ہونے والی آمدنی کو محنت کشوں اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے منصوبوں، سہولیات اور دیگر ضروری اقدامات پر خرچ کیا جا سکتا ہے۔
کمیٹی نے زور دیا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈز سے حاصل ہونے والے منافع کو زیادہ مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود یقینی بنائی جائے۔
او پی ایف ملازمین کی کم از کم اجرت میں اضافے پر عمل درآمد نہ ہونے پر تشویش
قائمہ کمیٹی نے 3 نومبر کو اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے ملازمین کی کم از کم یومیہ اجرت میں اضافے پر عمل درآمد نہ ہونے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا تھا۔
مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ میں، جس کی منظوری جون میں دی گئی تھی، کم از کم اجرت کے نئے نرخوں کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم او پی ایف ملازمین کو تاحال نئی شرح کے مطابق ادائیگیاں شروع نہیں ہو سکی تھیں۔
کمیٹی نے قرار دیا تھا کہ بجٹ کی منظوری کے چار ماہ گزرنے کے باوجود فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونا ناقابل قبول ہے اور اس پر فوری عمل درآمد ہونا چاہیے۔
اجلاس میں وزارت اوورسیز پاکستانیز کے ایک افسر نے بتایا تھا کہ موجودہ قواعد کے تحت کم از کم یومیہ اجرت میں اضافے کے لیے وزارت کے بورڈ کی منظوری ضروری ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی تھی کہ اس معاملے پر غور کے لیے جلد بورڈ کا اجلاس بلایا جائے گا۔
قائمہ کمیٹی کے ارکان نے اس تاخیر پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ گریڈ 20 سے 22 تک کے افسران کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے فیصلوں پر فوری عمل درآمد کر دیا جاتا ہے، جبکہ کم تنخواہ لینے والے ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے اقدامات کئی ماہ تک التوا کا شکار رہتے ہیں۔
کمیٹی نے اس صورتحال کو غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ ایسے قواعد وضع کیے جائیں جن کے تحت کم از کم اجرت میں اضافے کا اعلان ہوتے ہی اس پر فوری عمل درآمد شروع ہو جائے اور اس کے لیے الگ سے بورڈ کی منظوری کا انتظار نہ کرنا پڑے۔
کمیٹی نے تجویز دی تھی کہ اس حوالے سے بھی وہی طریقہ کار اپنایا جائے جو سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے رائج ہے، جس کے تحت عموماً نئے مالی سال کے آغاز سے اضافے کا اطلاق کر دیا جاتا ہے۔
بینک اکاؤنٹس کے ذریعے ادائیگی کی تصدیق بھی لازمی قرار
وزارت خزانہ کی تازہ ہدایات کے مطابق وفاقی وزارتوں کو اپنے ماتحت تمام اداروں میں کم از کم اجرت کے تقاضوں پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔
وزارتوں کو یہ تصدیق بھی کرنا ہوگی کہ ملازمین کو مقررہ طریقہ کار کے مطابق ان کے بینک اکاؤنٹس کے ذریعے تنخواہیں اور اجرت ادا کی جا رہی ہے۔
وزارت خزانہ نے واضح کیا ہے کہ وفاقی وزارتیں اپنے ماتحت اداروں میں کم از کم اجرت کے حکومتی فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے اور اس حوالے سے تحریری تصدیق فراہم کرنے کی ذمہ دار ہوں گی۔

WhatsApp
Get Alert