امریکا کا گرین کارڈ پروگرام محدود کرنے کا فیصلہ، تارکین وطن کے لیے نئی پابندیاں تجویز

نئی تجویز کے تحت کمپنیوں کو ثابت کرنا ہوگا کہ کسی غیر ملکی ملازم کی بھرتی سے امریکیوں کے روزگار اور تنخواہوں پر منفی اثر نہیں پڑے گا: رپورٹ


واشنگٹن(قدرت روزنامہ)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ہنرمند غیر ملکی ملازمین کے لیے امریکا میں مستقل رہائش (گرین کارڈ) حاصل کرنے کا عمل مزید مشکل بنانے کی تیاری کرلی ہے۔
امریکی محکمہ محنت نے اس حوالے سے نئے قواعد تجویز کیے ہیں، جن کے تحت کمپنیوں کو غیر ملکی ملازمین بھرتی کرنے سے پہلے امریکی شہریوں کے روزگار کے تحفظ سے متعلق مزید سخت شرائط پوری کرنا ہوں گی۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی محکمہ محنت نے پیر کو پرمننٹ لیبر سرٹیفکیشن پروگرام میں تبدیلیوں کی تجویز پیش کی ہے۔ یہ پروگرام امریکی کمپنیوں کو ہنرمند غیر ملکی ملازمین کے لیے ملازمت کی بنیاد پر گرین کارڈ حاصل کرنے میں مدد دیتا ہے، جس کے ذریعے عارضی ورک ویزا پر کام کرنے والے افراد مستقل امریکی رہائشی بن سکتے ہیں۔
اس پروگرام سے امریکا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں اور آؤٹ سورسنگ کے شعبے سے وابستہ اداروں کو خاص طور پر فائدہ ہوتا ہے۔
موجودہ قوانین کے تحت کسی غیر ملکی ملازم کو ملازمت دینے سے پہلے کمپنیوں کو یہ ثابت کرنا ہوتا ہے کہ متعلقہ کام کے لیے امریکا میں مناسب تعلیم اور مہارت رکھنے والے کافی ملازمین دستیاب نہیں ہیں۔ اس کے علاوہ کمپنیوں کو یہ بھی یقینی بنانا ہوتا ہے کہ غیر ملکی ملازم کی بھرتی سے اسی نوعیت کا کام کرنے والے امریکی شہریوں کی تنخواہوں اور کام کرنے کی شرائط متاثر نہیں ہوں گی۔
تاہم نئے مجوزہ قواعد کے تحت کمپنیوں کو اس بات کے مزید مضبوط ثبوت فراہم کرنا ہوں گے کہ کسی غیر ملکی ملازم کی بھرتی سے امریکی کارکنوں کے روزگار، تنخواہوں اور کام کے حالات پر منفی اثر نہیں پڑے گا۔
مجوزہ تبدیلیوں میں ان شعبوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جنہیں پہلے ملازمین کی کمی کے باعث بعض شرائط سے استثنیٰ حاصل تھا۔ ان میں پیشہ ور نرسیں اور غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل سائنس دان بھی شامل ہیں۔ اس طرح ان شعبوں میں غیر ملکی ماہرین کی بھرتی کے لیے بھی کمپنیوں کو مزید شرائط پوری کرنا ہوں گی۔
امریکی محکمہ محنت نے کمپنیوں کے لیے بھرتی کے طریقہ کار کو جدید بنانے کی تجویز بھی دی ہے۔ اس کے تحت اداروں کو اخبارات میں اشتہارات دینے جیسے روایتی طریقوں کے بجائے آن لائن اور ڈیجیٹل ذرائع استعمال کرنے ہوں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل امریکی امیدواروں تک ملازمت کے مواقع پہنچائے جا سکیں۔
مجوزہ قواعد کی ایک اہم شرط یہ بھی ہے کہ اگر کسی امریکی کمپنی نے کسی شعبے میں اپنے ملازمین کو ملازمت سے فارغ کیا ہے تو وہ اگلے دو سال تک اسی نوعیت کی ملازمتوں کے لیے غیر ملکی کارکنوں کی بھرتی کی اجازت حاصل نہیں کرسکے گی۔
یہ اقدام ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے قانونی طریقے سے امریکا آنے والے غیر ملکیوں کے لیے بھی سختیاں بڑھانے کی تازہ کوشش ہے۔ انتظامیہ پہلے ہی امریکا میں غیر ملکی افراد کی تعداد کم کرنے اور مستقل رہائش و شہریت حاصل کرنے کے راستے محدود کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
اس سے قبل اکتوبر میں امریکی حکومت نے مائیکروسافٹ، ایڈوب اور دیگر بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کو بھی اس پروگرام کے تحت درخواستیں دینے سے روک دیا تھا۔ امریکی محکمہ محنت کے اعداد و شمار کے مطابق مائیکروسافٹ اس پروگرام کے تحت مستقل ملازمت کی درخواستیں دینے والی سب سے بڑی کمپنی تھی۔
محکمہ محنت کی جانب سے پیش کی گئی نئی تجاویز منگل کو امریکی وفاقی رجسٹر میں شائع کی جائیں گی۔ اس کے بعد عوام اور متعلقہ اداروں کو ان پر اپنی رائے دینے کے لیے 60 دن کا وقت دیا جائے گا۔ عوامی آرا کا جائزہ لینے کے بعد ہی ان مجوزہ قواعد کو حتمی شکل دے کر نافذ کیا جاسکے گا۔
ان تبدیلیوں کے نافذ ہونے کی صورت میں امریکا میں کام کرنے کے خواہش مند غیر ملکی ہنرمند افراد، بالخصوص ٹیکنالوجی، سائنس اور صحت کے شعبوں سے وابستہ ملازمین کے لیے مستقل رہائش حاصل کرنے کا عمل مزید مشکل ہوسکتا ہے۔

WhatsApp
Get Alert