بدامنی، بارڈرز کی بندش اور پیٹرولیم مصنوعات پر بھتہ خوری نے عوام کا جینا محال کر دیا، 22 نومبر کو کوئٹہ میں تاریخی جلسہ ہوگا: مولانا ہدایت الرحمٰن
مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمٰن ہاکی گراؤنڈ جلسہ عام میں بلوچستان کے مسائل کے حل کیلئے آئندہ کا لائحہ عمل پیش کریں گے: امیر جماعت اسلامی بلوچستان

کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بدامنی، بارڈرز اور قومی شاہراہوں کی بندش، پیٹرولیم مصنوعات پر بھتہ خوری، ہوشربا مہنگائی اور بنیادی حقوق کی پامالی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، لہٰذا صوبے کے عوام اپنے حقوق، امن اور روزگار کے تحفظ کے لیے 22 نومبر کو ہاکی گراؤنڈ کوئٹہ میں منعقد ہونے والے عظیم الشان جلسہ عام میں بھرپور شرکت کریں۔ کوئٹہ میں مختلف وفود سے ملاقات اور اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بارڈرز کی بندش سے ہزاروں خاندانوں کا روزگار تباہ ہو چکا ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل اور کاروبار کے نام پر مبینہ بھتہ خوری نے عوام اور ٹرانسپورٹرز کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
مولانا ہدایت الرحمٰن نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالامال صوبہ ہے مگر یہاں کے عوام آج بھی تعلیم، صحت، روزگار اور امن جیسی بنیادی سہولیات کو ترس رہے ہیں۔ ہمارا واضح مطالبہ ہے کہ بارڈرز اور شاہراہوں پر تجارتی سرگرمیاں فوری بحال کی جائیں، بھتہ خوری کا مکمل خاتمہ کیا جائے اور شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 22 نومبر کا جلسہ کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ پورے بلوچستان کے اجتماعی حقوق کی آواز ہوگا، جس سے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمٰن خصوصی خطاب کریں گے اور صوبے کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل پیش کریں گے۔
