خواتین کا تحفظ اور ان کے مسائل کا فوری حل بلوچستان پولیس کی اولین ترجیح ہے: آئی جی محمد طاہر

صوبے بھر کے تھانوں میں لیڈی پولیس اسٹاف تعینات کیا گیا ہے تاکہ خواتین بلاجھجک اپنے مسائل حل کروا سکیں: سمارٹ ویمن پولیس اسٹیشن سول لائن کا دورہ


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا ہے کہ خواتین کو معاشرے میں نہایت اہم مقام حاصل ہے اور ملکی ترقی و خوشحالی میں ان کے کلیدی کردار سے انکار ممکن نہیں، جبکہ خواتین پولیس اہلکار امن و امان کے قیام اور خواتین کو انصاف کی فراہمی کے لیے مثالی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسمارٹ ویمن پولیس اسٹیشن سول لائن کوئٹہ کے دورے کے موقع پر مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا، جہاں ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت اور ایس ایس پی آپریشنز ضیاء اللہ مندوخیل سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
آئی جی پولیس محمد طاہر نے کہا کہ خواتین کی عزت و تکریم، عصمت و عفت کی حفاظت، جنسی استحصال سے تحفظ اور انہیں معاشرے میں بلاخوف و خطر سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا پولیس کا بنیادی فریضہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر کے تھانوں میں تربیت یافتہ لیڈی پولیس اہلکاروں پر مشتمل اسٹاف تعینات کیا گیا ہے تاکہ متاثرہ خواتین بلاجھجک خواتین عملے سے رابطہ کر کے اپنے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کروا سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان پولیس خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert