اگر آج صوبوں کا معاملہ نہ ہوتا تو کیا بلاول بھٹو اسمبلی میں دھاندلی کی بات کرتے؟ شہزاد اقبال

کیا پھر بھی کہتے کہ مخصوص نشستیں واپس کی جائیں، سیاسی قیدیوں کو بری کرنا چاہیے اور اپوزیشن سے بات کریں؟ بلاول بھٹو کی یہ باتیں پہلے کہاں تھیں؟ جب سسٹم سے فائدہ ہو تو لے لیتے ہیں، توپوں کا رخ دیکھ کر جمہوری بن جاتے ہیں، سینئر صحافی شہزاد اقبال کا تبصرہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سینئر صحافی شہزاد اقبال نے کہا ہے کہ جب سسٹم سے فائدہ چاہیے ہو تو فائدہ لے لیتے ہیں، توپوں کا رخ اپنی طرف ہو تو جمہوری بن جاتے ہیں، پیپلز پارٹی صوبوں کے قیام اور جمہوری عمل سے متعلق اپنے مؤقف میں تضادات کا شکار ہے، اگر آج صوبوں کا معاملہ نہ ہوتا تو کیا بلاول بھٹو اس بارے میں بات کر رہے ہوتے کہ اسمبلی میں دھاندلی ہوئی، مخصوص نشستیں واپس کی جائیں، سیاسی قیدیوں کو بری کرنا چاہیے اور اپوزیشن سے بات کریں؟ یہ باتیں پہلے کہاں تھیں؟ جیو نیوز کے پروگرام رپورٹ کارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر صحافی شہزاد اقبال نے کہا کہ میں کچھ باتوں سے اتفاق کرتا ہوں، خاص طور پر جب وہ کہتے ہیں کہ سسٹم تباہ کروایا گیا ہے تو بالکل ٹھیک ہے، پاکستان کی تاریخ اٹھا کر دیکھیں تو کبھی مارشل لا اور کبھی گورنر راج کے ذریعے سسٹم کو تباہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئین میں صوبے بنانے کا طریقہ کار موجود ہے، اسے فالو کرنا چاہیے، اس معاملے پر بڑے پیمانے پر رائے لینے کی ضرورت ہے کیونکہ یہ کوئی چھوٹا معاملہ نہیں ہے، میری کل ایک لیگل ایکسپرٹ سے بات ہو رہی تھی، ان کا کہنا تھا کہ کم سے کم بھی آئین کی 190 شقوں کو دوبارہ دیکھنا پڑے گا، اس لیے سب کی رائے لینا ضروری ہے، لیکن یہاں چیزوں کو خفیہ رکھا جا رہا ہے اور کچھ بتایا ہی نہیں جا رہا۔
شہزاد اقبال کا کہنا تھا کہ بلاول صاحب کی کئی دوسری باتوں میں تضاد بھی ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی میں کچرا ہے اور اگر کل صوبے بنائے گئے تو خون خرابہ ہوگا، مجھے خون خرابہ پسند نہیں، لیکن یہ بات کرنا کیا کوئی جمہوری رویہ ہے؟ جب بھی پیپلز پارٹی سے صوبے بنانے کے متعلق بات کی جائے تو جذبات کی باتیں شروع ہو جاتی ہیں۔
انہوں نے اپنے ایک سابقہ تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2019، 2020 میں نثار کھوڑو صاحب سے بات ہوئی تو میں نے سوال کیا تھا کہ اگر سندھ میں مزید صوبے بنیں یا کراچی کو صوبہ بنایا جائے تو کیا اس پر میرٹ کی بنیاد پر بات ہو سکتی ہے؟ آپ لسانی بنیاد پر بات نہ کریں، لیکن اگر میرٹ پر بات ہو تو کیا حرج ہے؟ انہوں نے اپنا جواب دیا، لیکن اس کے بعد ایک پوری مہم چلی، نہ صرف میرے خلاف بلکہ پورے جیو کے خلاف، اور کہا گیا کہ آپ معافی مانگیں کہ اس پر ڈسکشن ہی کیسے ہوئی کہ کراچی کو صوبہ بنایا جائے۔
سینئر صحافی نے کہا کہ یہ سب جذباتی باتیں ہیں، یہ کوئی جمہوری رویہ نہیں ہے، آخر اس بات کا کیا ثبوت ہے کہ یہاں صوبہ بنا دیا گیا تو خون خرابہ ہوگا؟ آپ اسے دلائل سے واضح کریں، آئین کی بات کریں، یہ کہیں کہ اس میں میرٹ نہیں ہے، لیکن یہ کیا بات ہے کہ خون خرابہ ہو جائے گا؟ لوگوں کو ڈرانے یا خوف زدہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
شہزاد اقبال نے کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی نااہلی وفاق پر کیسے ڈال سکتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ آج اگر کراچی میں اسٹریٹ کرائم ہے تو اس کی ذمہ داری وفاق پر آتی ہے کیونکہ ملکی حالات اور معیشت خراب ہیں، اس لیے لوگ جرائم اور چوری کی طرف جاتے ہیں، ٹھیک ہے اس کا معیشت کے ساتھ تعلق ہے، لیکن آپ کیسے بری الذمہ ہو سکتے ہیں؟ لا اینڈ آرڈر برقرار رکھنا تو صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں پچھلے پندرہ سال سے سن رہا ہوں کہ سیف سٹی منصوبہ لگے گا، تو کہاں ہے سیف سٹی منصوبہ؟ خیبر پختونخوا، جسے ہم کراچی کی نسبت پسماندہ سمجھتے ہیں، وہاں تین چار اضلاع میں سیف سٹی منصوبہ لگ گیا ہے، پنجاب میں نو دس اضلاع میں لگ گیا ہے، اس سال کا 400 ارب روپے کا اے ڈی پی پلان ہے، اتنے سالوں سے آپ ہمیں بتا رہے ہیں کہ سیف سٹی لگے گا، تو کیوں نہیں لگا؟ کیا وفاق آ کر لگائے گا؟
ان کا کہنا تھا کہ جب خیبر پختونخوا میں بھی صوبائی حکومت امن و امان کے لیے وفاق سے کہہ رہی تھی تو تب آپ نے وہاں گورنر راج لگانے کی حمایت کی تھی۔
شہزاد اقبال نے پیپلز پارٹی کے سیاسی مؤقف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ کو سسٹم سے فائدہ چاہیے ہوتا ہے تو آپ سسٹم سے فائدہ لے لیتے ہیں، اور جب آپ کو لگتا ہے کہ توپوں کا رخ آپ کی طرف ہے تو آپ جمہوری بن جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت تین صوبوں میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، صدر مملکت آپ کے ہیں، سینیٹ کی چیئرمین شپ آپ کے پاس ہے، اور آپ کو لگتا ہے کہ 2024 کی اسمبلی دھاندلی زدہ ہے، آپ یہ باتیں کیسے کر لیتے ہیں؟ آپ نے آئین میں دو بڑی ترامیم کر کے تقریباً اس اسمبلی کو آئین ساز اسمبلی بنا دیا ہے اور آج آپ کہہ رہے ہیں کہ یہاں دھاندلی ہوئی ہے، اس پر تحقیقات ہونی چاہیے۔
سینئر صحافی نے مخصوص نشستوں کے معاملے پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ آج آپ نے مخصوص نشستوں کی بات کی کہ وہ اپوزیشن کو واپس کر دی جائیں، کیا آپ یقین کر سکتے ہیں کہ پیپلز پارٹی بتائے کہ انہوں نے کتنی سیٹیں اپنی جیب میں ڈالی ہیں؟ جہاں تک مجھے پتا ہے تو قومی اسمبلی میں چار سے پانچ سیٹیں تو ان کی جیب میں گئی ہیں۔ اس وقت آپ کو یہ نظر نہیں آ رہا تھا؟ جب ہم آپ سے کہہ رہے تھے کہ آئین پر عمل درآمد نہیں ہو رہا تو تب ان کو نظر نہیں آ رہا تھا۔
‘‘
انہوں نے کہا کہ کل پی ٹی آئی تھی، آج جے یو آئی (ف) ہے اور کل ان کو لگتا ہے کہ صوبوں کے معاملے پر ہماری باری ہوگی، تو جب آپ کو سوٹ کرتا ہے تو آپ اپنے حق میں بات کرتے ہیں اور سسٹم سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔
شہزاد اقبال کا کہنا تھا کہ آپ کہتے ہیں سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، تو آپ نے اس سے پہلے کتنے قیدیوں کے حوالے سے آواز اٹھائی ہے؟ آپ کہتے ہیں کہ محسن نقوی اور باقی وزرا اس حوالے سے بات کر رہے ہیں، وہ کنٹرول میں نہیں ہیں، تو خیبر پختونخوا میں فیصل کریم کنڈی آپ کے گورنر ہیں، آپ نے وہاں گورنر راج کی بات کی تو تب آپ کو خیال نہیں آیا؟ پتا نہیں آپ یہ کر کیسے لیتے ہیں۔
انہوں نے آخر میں سوال اٹھایا کہ اگر آج صوبوں کا معاملہ نہ ہوتا تو کیا بلاول بھٹو اس بارے میں بات کر رہے ہوتے کہ اسمبلی میں دھاندلی ہوئی، مخصوص نشستیں واپس کی جائیں، سیاسی رہنماؤں کو بری کرنا چاہیے اور اپوزیشن سے بات کریں؟ یہ باتیں پہلے کہاں تھیں؟

WhatsApp
Get Alert