جامعہ بلوچستان کی عالمی سطح پر بڑی کامیابی، ٹائمز ہائر ایجوکیشن انٹر ڈسپلنری سائنس رینکنگ 2027 میں 601 تا 800 ویں پوزیشن حاصل کر لی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)جامعہ بلوچستان کوئٹہ نے عالمی سطح پر ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ جامعہ بلوچستان نے ٹائمز ہائر ایجوکیشن انٹر ڈسپلنری سائنس رینکنگ 2027 میں عالمی سطح پر 601 تا 800 ویں پوزیشن حاصل کر کے بین الاقوامی سطح پر اپنی علمی و تحقیقی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا ہے۔
رینکنگ کے اہم پہلوؤں میں جامعہ بلوچستان نے ان پٹس میں 28.6، پروسیس میں 33.3 اور آؤٹ پٹس میں 27.4 اسکور حاصل کیا، جو جامعہ کی بہتر ہوتی ہوئی تحقیقی کارکردگی کی عکاسی کرتا ہے۔
جامعہ بلوچستان صوبہ بلوچستان کی واحد جامعہ ہے جسے ٹائمز ہائر ایجوکیشن انٹر ڈسپلنری سائنس رینکنگ 2027 میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ اعزاز جامعہ کی ابھرتی ہوئی تحقیقی ثقافت اور تحقیقی فضیلت، بین الشعبہ جاتی اشتراک، جدت اور علم کی تخلیق کے فروغ کے لیے کیے جانے والے ادارہ جاتی اقدامات کی عکاسی کرتا ہے۔
اس کامیابی میں دفتر تحقیق، جدت و کمرشلائزیشن اوریک کا اہم کردار رہا۔ اوریک تحقیقی ترقی، عالمی اشتراک، جدت و کاروباری فروغ، پیٹنٹس و کمرشلائزیشن اور بین الاقوامی روابط کے ذریعے بین الشعبہ جاتی تحقیق کے فروغ کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے اس کامیابی ڈائریکٹر اوریک پروفیسر ڈاکٹر مزمل بخاری اور ان کی ٹیم کی قیادت، محنت و کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اوریک کی مسلسل کوششوں سے جامعہ کی تحقیق کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔
وائس چانسلر نے جامعہ بلوچستان کے اساتذہ، محققین، انتظامیہ اور طلباء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز جامعہ کے لیے فخر کا باعث ہے اور ہم تحقیق، علم اور جدت کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جامعہ بلوچستان کو علم پر مبنی اور جدید تحقیقی جامعہ بنانے کے لیے اساتذہ، محققین اور طلباء کا کردار کلیدی ہے اور جامعہ آئندہ بھی عالمی معیار کی تحقیق و تعلیم کے فروغ کے لیے اپنا سفر جاری رکھے گا۔
