عجب تیری سیاست عجب تیرا نظام! مصطفیٰ نواز کھوکھر کا پیپلزپارٹی پر طنز

ہر غیر جمہوری عمل سے تمام ثمرات حاصل کیے، اپنی دُم پر پاؤں آیا تو جمہوریت بھی یاد آ گئی، آئینی ترامیم بھی غلط قرار دے ڈالیں، سیاسی قیدیوں سے ہونے والی ناانصافی پر آنسو بھی بہا ڈالے؛ سابق سینیٹر کا ردعمل


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)معروف سیاستدان اور سابق سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت بالخصوص چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیانات اور سیاسی مؤقف پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا ماضی اور حال تضادات سے بھرپور ہے، انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’عجب تیری سیاست، عجب تیرا نظام‘۔
اس ضمن میں انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہر غیر جمہوری عمل میں ناصرف کھل کر شریک رہی ہے بلکہ اس کے نتیجے میں ملنے والے تمام سیاسی ثمرات اور فوائد بھی سمیٹتی رہی ہے، اب جب پارٹی کے اپنے مفادات پر آنچ آئی یا ان کی دُم پر پاؤں آیا تو اچانک انہیں جمہوریت بھی یاد آ گئی، آئینی ترامیم بھی غلط دکھائی دینے لگیں اور سیاسی قیدیوں کے ساتھ ہونے والی مبینہ ناانصافیوں پر آنسو بھی بہائے جانے لگے۔


پیپلز پارٹی کو چیلنج کرتے ہوئے مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ اگر پارٹی قیادت اپنے ماضی کے فیصلوں کا واقعی کفارہ ادا کرنا چاہتی ہے تو انہیں عملی طور پر دو کام فوری کرنا ہوں گے، اول یہ کہ خیبرپختونخواہ میں نافذ گورنر راج کے معاملے پر فوری عمل درآمد کیا جائے۔
پارٹی اپنے متعلقہ گورنر کو ہدایت کرے کہ وہ بغیر کسی تاخیر کے گورنر راج اٹھانے کی سمری صدرِ مملکت کو بھیجیں تاکہ شام تک وہاں کی منتخب اور نمائندہ اسمبلی بحال ہوسکے، دوم یہ کہ پیپلز پارٹی آج ہی مالِ غنیمت کے طور پر ملنے والی مخصوص نشستوں سے استعفیٰ دے کر باہر نکلے، انہوں نے چیلنج کیا کہ کیا پیپلز پارٹی میں اتنی جرات ہے کہ وہ یہ عملی قدم اٹھا کر دکھائے؟۔
اپنے بیان کے آخر میں سیاسی رہنماء نے فارسی کے مشہور شعر ’ابتدائے عشق ہے روتا ہے کیا، آگے آگے دیکھیے ہوتا ہے کیا‘ کا استعمال کرتے ہوئے اشارہ دیا کہ ملکی سیاست میں آنے والے دنوں میں مزید تلاطم خیز تبدیلیاں اور سیاسی جوڑ توڑ دیکھنے کو ملیں گے اور جماعتوں کے دعوے اور عمل کا اصل امتحان اب شروع ہوا ہے۔

WhatsApp
Get Alert