سب سے پہلے اسٹیبلشمنٹ کی گود میں بیٹھ کر انقلابی بن جانے والے سیاسی ڈکٹیٹروں سے جان چھڑوانا ہوگی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سربراہ عوام راج تحریک اقرار الحسن کا کہنا ہے کہ سب سے پہلے اسٹیبلشمنٹ کی گود میں بیٹھ کر انقلابی بن جانے والے سیاسی ڈکٹیٹروں سے جان چھڑوانا ہوگی، ورنہ دائروں کا یہ سفر کبھی رُکے گا ہی نہیں۔
ایکس پر سربراہ عوام راج تحریک اقرار الحسن نے کہا کہ یہی اصل مسئلہ ہے کہ ہم اسٹیبلشمنٹ کے پنجے مضبوط کرنے والی ہر اُس جماعت اور ہر اُس لیڈر کے ساتھ کھڑے ہو جاتے ہیں جو اپنے کسی ذاتی مفاد کے لیے وقتی طور پر انقلابی بننے کا ڈرامہ کرتی ہے۔
ایسا کرنے سے آپ آئندہ کے لیے ہر جماعت اور لیڈر کے لیے یہ دروازہ کھول دیتے ہیں کہ جب اُس کا جی چاہے وہ اسٹیبلشمنٹ کی دریوزہ گری کرے اور جب جی چاہے جعلی انقلابی بن جائے۔
ایسے تو دائروں کا یہ سفر کبھی رُکے گا ہی نہیں۔ اسٹیبشلمنٹ سے پہلے آپ کو باری باری اسٹیبلشمنٹ کی گود میں بیٹھنے اور پھر انقلابی بن جانے والے ان سیاسی ڈکٹیٹروں سے جان چھڑوانا ہو گی۔

اسی طرح سیاسی رہنماء مصطفیٰ نواز کھوکھر نے ایکس پر اپنے بیان میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عجب تیری سیاست ، عجب تیرا نظام ،
پیپلز پارٹی ہر غیر جمہوری عمل میں نہ صرف شریک رہی بلکہ اُس کے نتیجہ میں ملنے والے تمام ثمرات بھی حاصل کئیے۔ اَپنی دُم پر پاؤں آیا تو جمہوریت بھی یاد آ گئی ، آئینی ترامیم بھی غلط قرار دے ڈالیں اور سیاسی قیدیوں کے ساتھ ہونے والی ناانصافی پر آنسو بھی بہا ڈالے۔
اگر واقعی کفارہ اَدا کرنا ہے تو ۱) گورنر خیبرپختونخوا کو کہیں کہ بغیر کسی تاخیر کے فوراً گورنر راج اُٹھانے کی سمری صدر مملکت کو بھیجیں۔ شام تک وہاں کی نمائندہ اسمبلی بحال ہو جائے گی۔ ۲) آج ہی مالِ غنیمت میں ملی مخصوص نشستوں سے استعفی دے دیں۔ ہمت ہے یہ کرنے کی؟
ابتدائے عشق ہے روتا ہے کیا
آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا

WhatsApp
Get Alert