عمران خان کو غیر آئینی طریقے سے ہٹانے کے حق میں نہیں

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ عمران خان کو غیر آئینی طریقے سے ہٹانے کے حق میں نہیں۔انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف آ رہا ہے،کوئی روک سکتا ہے تو روک لے،عوام کی نفرت اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ عمران خان کو جس طرح بھی ہٹایا جائے گا لوگ ہٹانے والے کو دعائیں دیں گے۔
عمران خان اپنی ناکامیوں کو نوازشریف کے پیچھے چھپانا چاہتے ہیں۔ہفتوں کی بات ہے نوازشریف واپس آ جائیں گے۔پروگرام میں موجود پی ٹی آئی کے رہنما صداقت علی عباسی نے کہا کہ احتساب کا نعرہ شہزاد اکبر نہیں عمران خان کا تھا، وہ نعرہ کبھی غیر متزلزل نہیں ہو سکتا۔وزیراعظم عمران خان کے پاس استحقاق ہے وہ کس سے کام کیا لینا چاہتے ہیں، شہزاد اکبر نے اچھے انداز اپنے فرائض انجام دئیے لیکن شاید وہ وزیراعظم کی توقعات پر پورا نہیں اترے، تحریک انصاف کے لیے وہ شخص بھی مجبوری نہیں ہے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے شہزاد اکبر کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے۔شہزاد اکبر نے مشیر احتساب و داخلہ کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شہزاد اکبر کا کہنا تھا امید ہے عمران خان کی زیر قیادت احتساب کا عمل جاری رہے گا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان کو بھیج دیا ہے۔شہزاد اکبر کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی سے وابستہ رہوں گا، قانونی برادری کے ممبر کی حیثیت سے اپنا حصہ ڈالتا رہوں گا۔وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر کو ان کے عہدے سے ہٹانے کی وجہ سامنے آگئی جس کے مطابق شہزاد اکبر کے استعفے کی وجہ وزیراعظم کی ناراضی تھی۔