محکمہ موسمیات کی نئی پیشگوئی، بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔
اسلام آباد اور گردونواح میں جمعرات کی رات موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ جمعہ کے روز بھی موسم خشک رہے گا۔ صبح اور رات کے وقت سردی کی شدت محسوس ہوگی، تاہم شام یا رات میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہوسکتا ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے۔ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ، اوکاڑہ، خانیوال، ملتان، خانپور، کوٹ ادو اور بہاولپور سمیت مختلف میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مری اور گلیات میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا، جبکہ بالائی اور پہاڑی اضلاع میں سردی کی شدت زیادہ محسوس ہوگی۔ جمعہ کی شام یا رات بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود ہوسکتا ہے۔
سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم جمعہ کے روز بالائی سندھ میں صبح اور رات کے وقت سردی اور خنکی بڑھ سکتی ہے۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع میں سرد رہے گا، جہاں رات کے وقت مطلع جزوی ابر آلود ہونے کا امکان بھی ہے۔
آزاد کشمیر میں جمعرات اور جمعہ کو موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں جمعرات کو شدید سردی اور جمعہ کو سرد و خشک موسم متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں سرد موسم کے ساتھ پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند اور سموگ کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، اس لیے شہریوں کو صبح اور رات کے اوقات میں سفر کے دوران احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

WhatsApp
Get Alert