پاکستان اور قطر کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

راولپنڈی (قدرت روزنامہ) پاکستان اور قطر کے درمیان سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کر لیا گیا۔

قطر کے وزیر داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی نے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر سے راولپنڈی میں ملاقات کی۔ اس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور دنیا کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال، اور دوطرفہ سکیورٹی تعاون کو بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، بالخصوص سکیورٹی، انسدادِ دہشتگردی اور ادارہ جاتی تعاون کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔

قطر کے وزیرِ داخلہ شیخ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ الثانی نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا اعتراف کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے قطر کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلیے قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

WhatsApp
Get Alert