میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ میں بغیر اشتہار اور منظوری کے 121 سے زائد بھرتیوں کا انکشاف

2010 سے 2026 کے دوران لواحقین کوٹے کی آڑ میں من پسند افراد نوازا گیا، ایڈمنسٹریٹر کو بھی لاعلم رکھا گیا، صفائی نجی کمپنی کے سپرد ہونے کے باوجود خاکروب بھرتی کیے گئے


کوئٹہ (ڈیلی قدرت کوئٹہ) میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ (ایم سی کیو) میں مبینہ طور پر بغیر سرکاری اشتہار، شفاف مسابقتی عمل اور مجاز اتھارٹی کی باضابطہ منظوری کے 121 سے زائد افراد کی تعیناتیوں کا بڑا اسکینڈل سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ادارے میں سرگرم مبینہ عناصر نے 2010 سے 2026 کے دوران لواحقین کوٹے کی آڑ میں یہ غیر قانونی بھرتیاں کیں اور اس تمام عمل میں موجودہ ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کو بھی مکمل طور پر لاعلم رکھا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نہ تو ان اسامیوں کے لیے کوئی اشتہار شائع کیا گیا، نہ کھلے مقابلے کا طریقہ کار اختیار کیا گیا اور نہ ہی مجاز حکام کی منظوری کا کوئی ریکارڈ موجود ہے، بلکہ بعض افسران اور اہلکاروں پر اپنے قریبی رشتہ داروں اور من پسند افراد کو نوازنے کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔ حیران کن امر یہ ہے کہ مبینہ طور پر خاکروب (سینیٹری ورکرز) کے کوٹے پر بھی بھرتیاں کی گئیں حالانکہ شہر کی صفائی کا نظام پہلے ہی ایک نجی کمپنی کے سپرد کیا جا چکا ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے اسے اختیارات کے ناجائز استعمال اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کی کھلی حق تلفی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ 2010 سے اب تک ہونے والی تمام تقرریوں، اشتہارات اور سلیکشن کمیٹیوں کا ریکارڈ طلب کر کے شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

WhatsApp
Get Alert