قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن سے وفاقی حکومت نے سیکیورٹی واپس لے لی، میں بھی صوبائی حکومت کی سیکیورٹی واپس کرتا ہوں: سینیٹر مولانا عبدالواسع

قائد جمعیت اور مولانا اسعد محمود ماضی میں خودکش حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں، کسی ناخوشگوار واقعے کی ذمہ داری وفاق پر ہوگی، معدنی وسائل پر قبضہ قبول نہیں: پشین کانفرنس سے خطاب


پشین (ڈیلی قدرت کوئٹہ) جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود کی سیکیورٹی واپس لیے جانے کے بعد انہیں بھی بلوچستان حکومت کی فراہم کردہ سیکیورٹی کی کوئی ضرورت نہیں اور وہ اپنی سرکاری سیکیورٹی واپس کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ جمعیت علما اسلام ضلع پشین کے زیر اہتمام ’’تحفظِ مدارس و قیامِ امن کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر حال میں لاکھوں کارکن قائد کے سنگ رہیں گے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی تمام تر ذمہ داری وفاقی حکومت اور متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔ کانفرنس سے صوبائی سیکرٹری جنرل آغا محمود شاہ، مرکزی سیکرٹری مالیات مولانا صلاح الدین ایوبی، حافظ محمد یوسف، مولانا کمال الدین، میر یونس عزیز زہری، میر عثمان بادینی، میر زابد علی ریکی اور سید محمد آغا نے بھی خطاب کیا۔
مولانا عبدالواسع نے کہا کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن اور مولانا اسعد محمود ماضی میں متعدد دہشت گردانہ اور خودکش حملوں کا نشانہ بن چکے ہیں، ایسے سنگین خطرات کے باوجود ان کی سیکیورٹی واپس لینا انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور ان کی زندگیوں کو خطرات سے دوچار کرنے کے مترادف ہے، لہٰذا حکومت فی الفور سیکیورٹی بحال کرے اور قوم کو اس فیصلے کی وجوہات بتائے۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے اکابرین نے آٹھ دہائیوں سے ملک کے استحکام، اسلامی تشخص اور جمہوریت کے لیے قربانیاں دی ہیں، آج دہشت گردی کے نام پر علماء کرام و مدارس کو دبانے اور بلوچستان کے معدنی ذخائر و قومی وسائل پر قبضے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جنہیں کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert