ڈکی بھائی کی گیم جی ٹی اے 6 کی لائیو اسٹریم تنازع کا شکار
گیم میں موجود بالغوں کے لیے مخصوص مناظر دکھانے اور گالم گلوچ کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)مشہور پاکستانی یوٹیوبر ڈکی بھائی کو حال ہی میں ریلیز ہونے والی گیم جی ٹی اے 6 کی لائیو اسٹریم کے دوران مبینہ طور پر گیم میں موجود بالغوں کے لیے مخصوص مناظر دکھانے اور گالم گلوچ کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔
تنقید کرنے والوں کا کہنا ہے کہ ڈکی بھائی جیسے بڑے اسٹریمرز کے ناظرین میں کم عمر بچے اور نوجوان بھی شامل ہیں، اس لیے لائیو اسٹریم کے دوران اس نوعیت کا مواد دکھانے سے بچوں تک عمر کے لحاظ سے نامناسب مواد کی رسائی کا خدشہ پیدا ہوتا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس معاملے کے حوالے سے سامنے آنے والی ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ جی ٹی اے جیسی 18 پلس گیم کا لائیو گیم پلے محض گیم کھیلنے تک محدود نہیں رہتا، خصوصاً جب اس دوران اسٹرپ کلب، گالم گلوچ اور بالغوں کے لیے مخصوص مناظر بھی ناظرین کے سامنے پیش کیے جائیں۔
ڈکی بھائی جیسے بڑے اسٹریمرز جب GTA جیسے 18+ گیم کا لائیو گیم پلے کرتے ہیں اور اس میں سٹرپ کلب، گالیاں اور بالکل بالغ مواد کھلا دکھاتے ہیں، تو وہ صرف “گیم کھیل” نہیں رہے ہوتے۔ وہ لاکھوں نوجوان اور بچوں کے سامنے ایک ماحول پیش کر رہے ہوتے ہیں جو ان کی عمر کے مطابق نہیں۔اس پوسٹ کے نیچے کلپ میں ڈکی بھائی کے والد بھی جی ٹی اے 6(GTA-6) کی ورچوئل دنیا کا ذکر کرتے ہوئے لڑائی جھگڑوں، گالی گلوچ، اسلحہ اور گاڑیاں چھیننے، فائرنگ، قانون شکنی اور نامناسب مناظر کو تفریح کا حصہ بنانے پر بات کرتے ہیں اور والدین سے پوچھتے ہیں کہ آیا بچوں کو ایسی گیم کی اجازت دینی چاہیے یا نہیں۔ویڈیو کو محض غصہ یا اوور ری ایکشن کہہ کر ٹال دینا اصل بات سے آنکھیں چرانے کے برابر ہے۔ یہ ٹھیک ہے کہ جی ٹی اے جیسا گیم اٹھارہ پلس ہوتا ہے، مگر جب کوئی بڑا کریئیٹر جسے دیکھنے والوں میں بچے اور کم عمر لڑکے بالے بھی شامل ہوں، اس کے کھلے بالغ مناظر اور گالم گلوچ لائیو دکھاتا ہے، تو بات محض گیم کھیلنے تک نہیں رہتی۔ اس گفتگو کا سب سے تیکھا سوال یہی ہے کہ ایک طرف جب معاشرے میں بچوں کے ساتھ ہونے والے سنگین جرائم پر تشویش اور آوازیں اٹھتی ہیں، تو دوسری طرف ایسے مواد کو گیم پلے اور انٹرٹینمنٹ کے نام پر دیکھنے دکھانے اور پھر اسی کو برانڈ یا فین فالوونگ مان کر سراہنے کا رویہ آخر کیوں ہے؟ بار بار ایسی چیزیں آنکھوں کے سامنے آئیں تو کم عمر ذہنوں کے لیے بہت سی حدیں دھندلی پڑ جاتی ہیں اور وہ چیزیں نارمل لگنے لگتی ہیں۔ سب سے عجیب بات یہ لگتی ہے کہ اس سب کے باوجود انہی اسٹریمرز کو ایوارڈز ملتے ہیں، ووٹ ملتے ہیں اور سر آنکھوں پر بٹھایا جاتا ہے، جیسے ویوز اور انگیجمنٹ کے آگے ہر چیز معاف ہو۔ یوں ایک طرف اثرات پر غصہ اور تشویش دکھائی دیتی ہے اور دوسری طرف وہی مواد گھروں کی اسکرینوں اور بڑے چینلز پر مقبولیت کما رہا ہوتا ہے، جو اپنے آپ میں ایک بڑا تضاد ہے۔ والدین اور پلیٹ فارمز کی ذمہ داری اپنی جگہ ہے، پر جن کے پاس اتنا اثر و رسوخ ہو، ان کی بھی کچھ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنے ناظرین کے سامنے کیا رکھ رہے ہیں۔ نیمال نے جو بات اٹھائی ہے وہ کسی ایک شخص پر ذاتی حملہ نہیں، بلکہ اس کلچر پر سوال ہے جہاں ویوز کی خاطر ہر حد پار کر لی جاتی ہے اور پھر اسے بس تفریح کہہ کر بات ختم کر دی جاتی ہے۔
— Nuqta e Nazar – نقطۂ نظر (@fizimughal) November 20, 2026
پوسٹ میں ایک ویڈیو کلپ کا حوالہ بھی دیا گیا ہے جس میں ڈکی بھائی کے والد جی ٹی اے 6 کی ورچوئل دنیا میں لڑائی جھگڑوں، گالم گلوچ، اسلحے، گاڑیاں چھیننے، فائرنگ، قانون شکنی اور نامناسب مناظر کو تفریح کا حصہ بنانے کے حوالے سے بات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
کلپ میں والدین سے سوال کیا گیا ہے کہ کیا بچوں کو ایسی گیم کھیلنے کی اجازت دینی چاہیے؟
تنقید کرنے والوں نے یہ سوال بھی اٹھایا ہے کہ ایک طرف معاشرے میں بچوں کے تحفظ اور ان کے ساتھ پیش آنے والے سنگین جرائم پر تشویش کا اظہار کیا جاتا ہے، جبکہ دوسری جانب ایسے مواد کو گیم پلے اور انٹرٹینمنٹ کے نام پر بڑے پیمانے پر دکھایا جاتا ہے۔
پوسٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ کم عمر ناظرین کے سامنے بار بار اس نوعیت کا مواد آنے سے ان کے لیے نامناسب رویوں اور سرگرمیوں کے حوالے سے حدود دھندلی ہونے کا خدشہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی بعض صارفین نے اس بات پر بھی سوال اٹھایا ہے کہ ایسے مواد پر تنقید کے باوجود متعلقہ اسٹریمرز کو ایوارڈز، ووٹ اور عوامی پذیرائی ملتی رہتی ہے۔
اس معاملے میں والدین اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ بڑے سوشل میڈیا کریئیٹرز کے کردار پر بھی بحث کی جا رہی ہے۔ ناقدین کے مطابق زیادہ ناظرین اور اثر و رسوخ رکھنے والے کریئیٹرز کو اپنے مواد کے ممکنہ ناظرین، خصوصاً کم عمر بچوں، کو مدنظر رکھنا چاہیے۔
