اسلام آباد ؛ پیٹ میں کیپسول بھر کر منشیات قطر سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اسلام آباد ایئرپورٹ سے پیٹ میں کیپسول بھر کر منشیات قطر سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی . میڈیا رپورٹس کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے مسافر کے پیٹ سے آئس بھرے کیپسول برآمد کرلیے ، جن کو قطر کے دارالحکومت دوحہ سمگل کیا جانا تھا تاہم اے این ایف نے منشیات اسمگلنگ کی یہ کوشش ناکام بنا دی .


بتایا گیا ہے کہ جس مسافر کے پیٹ سے آئس بھرے کیپسول برآمد کیے گئے وہ خوشاب کا رہائشی ہے اور ملزم اسلام آباد سے دوحہ جانے کے لیے وفاقی دارالحکومت کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچا تھا جہاں اینٹی نارکوٹکس فورس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مسافر کے پیٹ سے 104 کیپسولوں میں بھری گئی 800 گرام آئس برآمد کرلی ، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا .

ادھر لاہور سے ہیروئن سعودی عرب اسمگل کرنے کیلئے مسافر کی ہوشیاری دھری کی دھری رہ گئی ‘ اے ایس ایف نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ہیروئن اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی ، ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کے عملے نے لاہور سے ریاض جانے والے مسافر سے 2.198 کلو ہیروئن برآمد کرکے اسے گرفتار کرلیا ، مسافر طارق محمود نے اس ہیروئن کو انتہائی مہارت کے ساتھ ٹرالی بیگ کی تہہ میں چھپا رکھا تھا تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران ہیروئن برآمد کرکے اسمگلنگ کی کوششں ناکام بنا دی اور ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ ہیروئن سمیت مزید قانونی کارروائی کے لئے اے این ایف حکام کے حوالے کردیا گیا .
گزشتہ روز اسلام آباد سے سعودی عرب جانے والے مسافر سے 6 کلو ہیروئن پکڑی گئی ، اسلام آباد ایئرپورٹ پر اے ایس ایف نے کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی ، جہاں سعودی عرب جانے والے مسافر سے 6 کلو 330 گرام آئس ہیروئن برآمد ہوئی ، مالاکنڈ کا رہائشی میر سجاد پی آئی اے کی پرواز پی کے 9245 پر دمام جانے کے لیے ایئرپورٹ پہنچا تو اس دوران اسکریننگ میں مسافر کے بیگ کی تہہ میں موجود آئس ہیروئین کی نشاندہی ہوئی ، جس کو ملزم نے انتہائی مہارت کے ساتھ اپنے بیگ میں چھپایا ہوا تھا ، ایئرپورٹ سکیورٹی فورس نے مزید قانونی کارروائی کے لیے ملزمان کو منشیات سمیت اے این ایف کے حوالے کردیا .

. .

متعلقہ خبریں