بلوغت سے قبل تمباکو نوشی کرنے والے مردوں کی پوتیاں اور نواسیاں موٹاپے کا شکار ہوسکتی ہیں، نئی تحقیق میں انوکھا انکشاف
لندن (قدرت روزنامہ) ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو افراد بلوغت سے قبل تمباکو نوشی کرتے ہیں اُن کی پوتیاں یا نواسیاں موٹاپے کا شکار ہو سکتی ہیں۔برطانیہ کی یونیورسٹی آف برسٹل کے محققین نے سابقہ تحقیق میں بتایا تھا کہ لڑکیوں میں موٹاپے کی وجہ اُن کے والد کا سنِ بلوغت سے قبل ہی تمباکو نوشی کرنا تھا تاہم اب نئی تحقیق میں انہوں نے بتایا ہے کہ تمباکو نوشی کے منفی اثرات چار نسلوں تک دیکھے جا سکتے ہیں۔
ماہرین نے اپنی تحقیق میں 14؍ ہزار حاملہ خواتین سے حاصل کردہ مختلف نمونوں پر تحقیق کی، ان سے یہ معلومات بھی حاصل کی گئی کہ آیا ان خواتین کے دادا یا نانا میں سے کوئی 13؍ سال کی عمر سے تمباکو نوشی کرتا تھا۔ ایسے افراد کی پوتیوں یا نواسیوں کا وزن عام بچوں کے وزن سے ساڑھے پانچ سے چھ کلو زیادہ پایا گیا۔