ایم کیو ایم کی ریلی پُر امن تھی: امین الحق
(قدرت روزنامہ)ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن اور وفاقی وزیر سید امین الحق کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے تمام مظاہرے پُر امن رہے، کل کراچی کی ریلی بھی پُر امن تھی۔
’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم دنگا فساد کرنے وزیرِ اعلیٰ ہاؤس نہیں گئے تھے۔
امین الحق نے کہا کہ ہمارے کارکنوں پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا، پولیس کی جانب سے ہماری خواتین کارکنوں پر بھی تشدد کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ ہاؤس کی جانب سے ہم سے کوئی مذاکرات کرنے نہیں آیایہاں تک کہ نیو کراچی سیکٹر کے آرگنائزر اسلم بھائی کاانتقال ہو گیا۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ اسلم بھائی کے انتقال کے بعد یومِ سیاہ کو یومِ سوگ میں تبدیل کیا، منتخب ایم پی اے کے ساتھ زیادتی کریں گے تو ری ایکشن کی توقع رکھیں۔
ایم کیوایم کے سینئر رہنما کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان اپنے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی، اس کے دروازے تمام دھڑوں کے لیے کھلے ہیں۔