کوئی ننگے پاؤں برف پر چل کر روٹی ڈھونڈ رہا ہے تو کوئی شدید سردی میں جوتے پالش کر رہا ہے ۔۔ افغانی بچوں کی ویڈیوز نے دل پگھلا دیے

افغانستان (قدرت روزنامہ)غربت کی وجہ سے ہر دوسرا فرد پریشان ہے۔ سردی کے موسم میں تو زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب سر ڈھانپنے کے لیے چھت اور سردی سے بچنے کے لیے گرم کپڑے چاہیے ہوتے ہیں۔ پیٹ کی بھوک مٹانے کے لیے کھانا۔ یہ تمام چیزیں جب میسر نہ ہوں تو زندگی یکسر تبدیل ہو جاتی ہے۔ افغانستان میں غربت کی شرح زیادہ ہے۔ ایسے میں افغانی بچوں کی بے بسی کی ویڈیوز اور تصاویر دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ درحقیقت مجبور اور بے بس تو وہ ہیں لیکن پھر بھی چہرے پر مسکراہٹ نہیں جاتی۔

ٹوئٹر پر اس افغانی بچے کی تصویر بہت زیادہ شیئر کی گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بچہ شدید ٹھنڈ میں بھی سڑک پر بیٹھا سو رہا ہے اور وہ پیشے کے اعتبار سے جوتے پالش کرتا ہے۔ اس کی یہ تصویر واضح کر رہی ہے کہ کتنی برف پڑ رہی ہے کہ لیکن روزگار کی کمی اس کو ٹھنڈ میں بھی یوں سڑک پر بیٹھنے پر مجبور کر رہی ہے۔ دوسری جانب نجی ٹی وی چینل نے ایک افغانی بچے کی ویڈیو نشر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچہ ننگے پاؤں برف پر چل رہا ہے۔ اور کچرے میں سے روٹیاں الگ کر رہا ہے تاکہ وہ اور اس کے گھر والے کھا سکیں۔ لیکن اس کی ایک شخص نے مدد کی۔