کورونا کا انتہائی مہلک وار ‘ پاکستان میں پہلی بار ایک دن میں 8 ہزار سے زائد نئے کیسز ریکارڈ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان میں عالمی وباء کورونا وائرس کی پانچویں لہر شدید تر ہوچکی ہے جہاں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک دن میں 8 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آگئے جب کہ ساڑھے تین ماہ بعد ایک دن میں وباء سے 30 افراد انتقال کرگئے . نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی ) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 8 ہزار 183 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ، جس کے ساتھ ہی ملک میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 2 ہزار 70 ہوگئی ، اس دوران ساڑھے تین ماہ بعد ایک دن میں کورونا سے 30 افراد کا انتقال ہوا ، پاکستان میں اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار 192 ہو گئی ہے جب کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر میں 68 ہزار 624 کورونا ٹیسٹ کیے گئے اور مثبت کیسز کی شرح 11 اعشاریہ 92 فیصد رہی .

ادھر گزشتہ روز این سی او سی کا ایک اجلاس ہوا جس میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں تعلیمی شعبوں کے لیے پابندیاں فروری کے وسط تک برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ، 10 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں طلباء مختلف ایام میں اسکول آئیں گے ، 12 سال سے کم عمر والے بچوں کی حاضری نصف ہو گی ، 12 سال سے کم عمر طلباء 3 دن 50 فیصد باقی 3 دن 50 فیصد طلباء اسکول آئیں گے ، تعلیمی اداروں میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانا ہو گا ، 10 فیصد سے کم شرح والے شہروں میں 12 سال سے زائد عمر طلباء کے سکول کھلے رہیں گے تاہم 12 سال سے زائد عمر کے مکمل ویکسی نیٹڈ طلباء کو اسکول آنے کی اجازت ہو گی ، اس لیے یکم فروری سے 12 سال سے زائد عمر کے طلباء کی ویکسی نیشن لازم ہوگی جب کہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں کورونا ٹیسٹنگ کا عمل بھی جاری رہے گا .
علاوہ ازیں ملک میں کورونا وائرس کی وباء کی روک تھام کیلئے بنائے گئے فیصلہ ساز ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا ویکسین کی اہل 52 فیصد آبادی کی مکمل ویکسی نیشن ہو چکی ہے ، پاکستان میں ویکسین کے اہل افردا کی تعداد 15 کروڑ 36 لاکھ ہے ، جن میں سے 8 کروڑ 30 لاکھ افراد کی مکمل اور 2 کروڑ 35 لاکھ افراد کی جزوی ویکسی نیشن ہو چکی ہے .
معلوم ہوا ہے کہ پنجاب میں ویکسین کے اہل افراد کی تعداد 8 کروڑ 11 لاکھ ہے ، وہاں 59 فیصد آبادی کو مکمل ویکسین لگ چکی ہے ، سندھ میں ویکسین کے اہل افراد کی تعداد 3 کروڑ 48 لاکھ ہے ، یہاں 43 فیصد آبادی کی ویکسینیشن مکمل ہوگئی ہے ، خیبر پختونخوا میں ویکسین کے اہل افراد کی تعداد 2 کروڑ 41 لاکھ ہے ، جہاں 46 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن مکمل ہوگئی ، صوبہ بلوچستان میں ویکسین کے اہل افراد کی تعداد 78 لاکھ 5 ہزار ہے ، جہاں 45 فیصد آبادی کی مکمل ویکسی نیشن ہو چکی ہے ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ویکسین کے اہل افراد کی تعداد 15 لاکھ 90 ہزار ہے ، جہاں 79 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن مکمل ہو چکی ہے جب کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی47، 47 فیصد ویکسین کی اہل آبادی کی ویکسینیشن مکمل ہوچکی ہے .

. .

متعلقہ خبریں