لاہور (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ نون کی رکنِ پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری نے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا . مسلم لیگ نون کی رکنِ پنجاب اسمبلی عظمیٰ بخاری کا گزشتہ روز کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا تھا .
عظمیٰ بخاری نے لوگوں سے دعائے صحت کی درخواست کی ہے . انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سب لوگ احتیاط کریں، کورونا وائرس سے بچنے کے لیے ایس او پیز پر مکمل عمل کریں .
انہوں نے کہا ہے کہ ویکسین اور بوسٹر لگوا چکی ہوں، اس کورونا نے میرا سب کچھ چھین لیا تھا . دوسری جانب پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کیسز کی شرح 11 اعشاریہ 31 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ ایکٹیو کورونا کیسز 1 لاکھ سے تجاوز کر گئے .
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 7 ہزار 963 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 27 مریض اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ مزید 2 ہزار 62 مریض شفایاب ہو گئے . پاکستان بھر میں اب تک 29 ہزار 219 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں، اس کے کُل مریضوں کی تعداد 14 لاکھ 10 ہزار 33 ہو چکی ہے .